ڈینگی کے خلاف فعال مانیٹرنگ اورعوامی شعور سے سو فیصد نتائج یقینی بنائے جائیں،وحید گل
لاہور( اپنے نمائندہ سے ) چیئر مین انسداد ڈینگی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی محمد وحید گل نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خلاف فعال مانیٹرنگ اورعوامی شعور آگاہی سے سو فیصد نتائج یقینی بنائے جائیں‘ڈینگی باقیات کے خاتمے کیلئے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں‘ڈینگی کے خلاف جنگ میں کامیابی ہم سب کی کامیابی ہو گی ‘ ڈینگی کے خاتمے میں غفلت اور کوتاہی برتنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں اسسٹنٹ کمشنر کینٹ کے دفتر میں منعقد ڈینگی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی عزیز بھٹی ٹاﺅن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ڈاکٹر ساجد یوسفانی ،اسسٹنٹ کمشنر نبیلہ فاروق،ٹی ایم او حارث جلیل،ڈی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نہیم سمیت دیگر محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔چیئر مین محمد وحید گل نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی ہدایت کی مطابق ڈینگی کے خاتمے کی مہم میں ہم سب کو اپنا اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا اور خصوصا لوگوں میں شعور و آگاہی سے نتائج حاصل کرنا ہوں گے ۔انہو ںنے کہا کہ ڈینگی سے نجات ہم سب کا امتحان ہے جس میں باہمی تعاون سے ہم سب کو کامیاب ہونا ہے اور اپنے عوام کو صاف ستھرا اور صحتمند ماحول فراہم کرناہے اور اس مقصد کیلئے خصوصی ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں ،ٹاﺅنز تقسیم کئے گئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ وزیر اعلی پنجاب کو پیش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گھر گھر جا کر آگاہی مہم ،ڈینگی سے بچاﺅ کیلئے حفاظتی سپرے ،فوگنگ سے مطلوبہ نتائج کافی حد تک برآمد ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی ٹاﺅن کے تمام علاقو ں میں ٹیوب ویلوں ،سیوریج ڈسپوزل ،پارکوں ،گھروں اور پبلک مقامات پر دن رات صفائی ستھرائی اور حفاظتی سپرے میں مزید بہتری لائی جائے ۔اجلاس میں سیکرٹری لائیو سٹاک نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف اقدامات نہ کرنے والے افسران کو شو کاز نوٹس دیکر ان کی انکوائری کروائی جائے اور قصور وار سے کوئی رعایت نہ برتی جائے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کی ڈینگی سے حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔انہوںنے اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سے کہا کہ وہ ٹاﺅن کا معائنہ کرتی رہیں اور رپورٹ ان کے اور چیئر مین کے دفتر بھجوایا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بلا تاخیر سکولوں میںہاف بازو یونیفارم کو تبدیل کروایا جائے اور وہاں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے ۔اجلاس میں ڈی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نہیم نے بتایا کہ عزیز بھٹی ٹاﺅن میں 5سے7نومبر کے دوران 1612گھروں کا معائنہ کیا گیا جہاں 13افراد میں ڈینگی ٹیسٹ پازیٹو پایا گیاجبکہ 37098واٹر کنٹینرز اور ٹینکرز اور ٹب کی پڑتال کی گئی جہاں سے 13واٹر کنٹینروں میں ڈینگی ٹیسٹ پازیٹو آیا تاہم فوری طور پر حفاظتی اقدامات عمل میں لائے جا چکے ہیں ۔اجلاس میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کی طر ف سے بتایا گیا کہ ٹاﺅن کے مختلف علاقوں میں واک اور سیمینار منعقد کرائے جا چکے ہیں جبکہ سکولوں کی اسمبلیوں میں طلبا و طالبات اور مساجد میں بھی آگاہی فراہمی کی جا رہی ہے ۔اجلاس میں محکمہ فشریز کے نمائندے نے بتایا کہ فش فارموں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور جن تالابوں میں مچھلی نہیں ہے وہاں سے پانی خارج کرایا جا رہا ہے۔اجلاس میں محکمہ پی ایچ اے کے نمائندے نے بتایا کہ جمال مصطفی پارک ،بابری چوک پارک اور گنج پارک ڈینگی سے مکمل کلیئر قرار دیئے جا چکے ہیں جبکہ مسلسل حفاظتی اقدامات جاری رہےں گے۔ بعد ازاں چیئر مین نے سیکرٹری لائیو سٹاک کے ہمراہ عز یز بھٹی ٹاﺅن کے علاقے تاج باغ مدینہ کالونی میں ڈینگی سے متاثرہ دو مریضوں کے گھروں اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول تاج پورہ میں گراﺅنڈ،باتھ رومز اور واٹر ٹینکس کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر انہوں نے اپنی نگرانی میں حفاظتی سپرے بھی کرایا۔