دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے ‘ویلتھ ایکس ویلتھ منیجر یو ایس بی کی رپورٹ

دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے ‘ویلتھ ...

اسلام آباد(اے پی اے ) دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے اور رواں سال دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد 2 ہزار 170 تک پہنچ گئی۔ویلتھ ایکس اور ویلتھ منیجر یو ایس بی کی جانب سے پہلی بار دنیا بھر کے ارب پتی افراد کے اعداد و شمار سے متعلق جاری رپورٹ کے مطابق 2013 میں دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد 2 ہزار 170 تک پہنچ چکی ہے جب کہ دنیا بھر کے امیر ترین افراد میں 3 اعشاریہ 7 فیصد کا تعلق ایشیا سے ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا میں 2012 سے 2013 تک صرف ایک سال کے دوران ارب پتی افراد کی تعداد میں 3 اعشاریہ 7 فیصد سے 13 فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، رپورٹ کے مطابق ایشیا بین الاقوامی اقتصادی صورتحال کو تبدیل کررہا ہے، اگر ایشیا میں اسی طرح ارب پتی افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا تو آئندہ 5 برس میں یہ خطہ شمالی امریکا کے مدمقابل آجائے گا جہاں ارب پتی افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ دولت میں اضافہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ایشیا تیزی سے ترقی کررہا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں 2009 عالمی مالیاتی بحران کے بعد 810 ارب پتی افراد کا اضافہ ہوا جب کہ یہ بھی اندازہ لگا گیا ہے کہ 2020 تک دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد 3 ہزار 900 تک پہنچ سکتی ہے۔

مزید : کامرس