پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے 8 معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے 8 معاہدوں پر دستخط

میونخ(اے پی پی) پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے 8 معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ جرمنی میں سرمایہ کاری کانفرنس کے کامیاب اختتام پر دونوں ممالک کی کمپنیوں نے مشترکہ سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے۔ جرمنی کے شہر برلن اور میونخ میں پاکستان ڈے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان ایک سال کے اندر تجارتی حجم 2 ارب یورو سے بڑھا کر 3 ارب یورو تک پہنچانے کا عزم کیا گیا۔ کانفرنس میں شریک چیئرمین پاک جرمنی بزنس فورم قاضی ساجد علی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں ایک سال کے اندر اضافہ کیا جائے گا۔ کانفرنس میں پاکستان کی 70 کمپنیوں کے 90 وفود نے شرکت کی جبکہ جرمنی کی 25 کمپنیوں کے وفود شامل ہوئے۔ جرمنی کی 25 کمپنیوں کے نمائندوں نے پاکستان کا دورہ کرنے اور پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کرنے کیلئے اظہار دلچسپی کیا ہے۔ اس حوالہ سے 8 معاہدوں پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔ چیئرمین پاک جرمن بزنس فورم قاضی ساجد علی نے کہا کہ برلن اور میونخ میں پہلی مرتبہ سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس دراصل پاک جرمن دوطرفہ مشترکہ چیمبر آف کامرس کا بنیاد رکھنے کی جانب پیش قدمی ہے جس سے پاکستان کی معیشت کو بڑا سہارا ملے گا۔ بزنس فورم کی جانب سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے فزیبلٹی رپورٹ تیار کر کے جرمنی کے سرمایہ کاروں نے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے دورہ جرمنی اور بزنس مین کانفرنس کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور سرمایہ کاری بڑھے گی۔

مزید : عالمی منظر