بھارت اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کیلئے کشمیریوں کو سیاسی انتقا م کا نشانہ بنا رہا ہے‘ نعیم خان
سرینگر(اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کوطول دینے کیلئے مقبوضہ علاقے کے قدرتی ماحول کو تباہ اورکشمیریوں کو ثقافتی جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے ٹنگمرگ کے علاقے کنزر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت صرف کشمیر یوں کو اس لئے نشانہ بنارہا ہے کیونکہ وہ سوچتا ہے کہ ملک کی دیگر ریاستوں کی نسبت مقبوضہ کشمیر میںآزادی کی تحریک زیادہ مضبوط ہے اور وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے ختم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کشمیری کا خواب ہے کہ یہاں کی معیشت مستحکم ہو، عظیم سماجی اقدار، صاف ستھرا ماحول موجود ہو تاہم یہ تب ہی ممکن ہو گا جب مقبوضہ علاقے پر بھارت کا ناجائز قبضہ ختم ہو۔ حریت رہنما نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام تحریک آزادی کی جدوجہد اور شہداءکے عظیم مشن کواس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔ دریں اثناءبھارتی پولیس نے نعیم احمد خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جسے عوام نے مزاحمت کرکے ناکام بنا دیا۔