سرمائی اولمپکس کی مشعل خلائی سٹیشن پر پہنچ گئی
ماسکو(آئی اےن پی) سرمائی اولمپکس کی مشعل لے کر خلا میں جانے والا سویز راکٹ بین الاقوامی خلائی مرکز پر پہنچ گیا ۔(آج)ہفتہ کو دو روسی خلا باز اس مشعل کے ساتھ خلا میں تاریخی چہل قدمی کریں گے لیکن حفاظتی تدابیر کے تحت مشعل روشن نہیں کی جائے گی۔روس کے شہر سوچی میں سات فروری 2014 کو اولمپک مقابلوں کے شروع ہونے سے پہلے اولمپک مشعل 123 دن کے سفر کے دوران 65 ہزار کلو میٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ قزاقستان کے بیکانور خلائی مرکز سے اولمپک مشعل کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن بھیجا گیا۔اس خلائی کیپسول میں مشعل کے ساتھ ایک روسی، ایک امریکی اور ایک جاپانی خلا باز سوار تھا اور یہ چھ گھنٹے میں بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر پہنچا۔یہ روس میں سوویت یونین کے خاتمے کے بعد پہلے اولمپک مقابلے ہیں اور یہ اب تک کے مہنگے ترین مقابلوں ہوں گے جن پر اب تک پچاس ارب ڈالر کی لاگت آ چکی ہے۔