پیپلز پارٹی کی بلدیاتی انتخابات کے بارے متفقہ قرارداد کی منظوری پر قومی اسمبلی کو مبارکباد

پیپلز پارٹی کی بلدیاتی انتخابات کے بارے متفقہ قرارداد کی منظوری پر قومی ...

اسلام آباد(پ ر) پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے قومی اسمبلی کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے بارے متفقہ قرارداد کی منظوری پر قومی اسمبلی کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے حزبِ اختلاف کی جانب سے بلائے گئے ایوان بالا کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کی جانب سے اس قرارداد کی منظوری ایک واضح پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی حدود اور کردار کے بارے اس واضح پیغام کو پہلے جانا چاہیے تھا۔ بعدازاں انہوں نے قاعدہ نمبر 263 کے تحت ایوان بالا میں ایک قرارداد پڑھنے کی تحریک پیش کی جس کو چیئرپرسن سینیٹر کلثوم پروین نے ایوان کے سامنے رکھاجس نے متفقہ طورپرتحریک منظور کر لی۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معزز ایوان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ بلدیاتی ادارے جمہوری حکومتوں کا محورہوتے ہیں اور یہ ایوان چاہتا ہے کہ اس ملک میں منصفانہ، شفاف اور قابلِ اعتماد جماعتی بنیادوں پر تمام صوبوں اور کنٹونمنٹ بورڈ ز میں جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔ یہ معزز ایوان اس بات پر بھی یقین رکھتا ہے کہ اگر بلدیاتی انتخابات کے عمل کو تمام ضروری، قانونی اور انتظامی تیاریوں کے بغیر کیا گیا تو ایسے بلدیاتی انتخابات کے نتائج متنازعہ ہوں گے اور اپنے پیچھے سوالیہ نشان چھوڑ دیں گے۔ یہ ایوان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول پر تشویش کا اظہار کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ ایک نئے ٹائم فریم کا اعلان کیا جائے تاکہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد منصفانہ اور شفاف بنایا جا سکے۔ ایوان بالا نے یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

 مبارکباد

مزید : صفحہ آخر