اے ٹی ورلڈ ٹور فائنلز،اعصام الحق کو مینز ڈبلز میں مسلسل دوسری شکست

اے ٹی ورلڈ ٹور فائنلز،اعصام الحق کو مینز ڈبلز میں مسلسل دوسری شکست

لندن (اے پی پی) اے ٹی ورلڈ ٹور فائنلز مینز ڈبلز ایونٹ میں پاکستان کے اعصام الحق قریشی کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے میچ میں برائن برادرز نے اعصام اور راجر کی جوڑی کو شکست دے دی۔ لندن میں جاری سال کے آخری ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے مینز ڈبلز ایونٹ کے دوسرے میچ میں پاکستان کے اعصام الحق اور ان کے ہالینڈ کے جوڑی دار جین جولین راجر کا مقابلہ مائیک برائن اور باب برائن پر مشتمل امریکن جوڑی سے تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم برائن برادرز نے آخر دم تک ہمت نہ ہاری اور ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹی۔ پہلے سیٹ میں برائن برادرز نے اعصام اور راجر کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 7-6 سے کامیابی حاصل کی، اعصام اور راجر نے دوسرا سیٹ 6-1 سے جیت کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ ہوا تاہم قسمت برائن برادرز کے ساتھ رہی اور انہوں نے اعصام اور راجر کو 14-12 سے زیر کر کے پہلی کامیابی حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی