خام تیل کی رسد کو یقینی بنانے کے لئے آئل انڈسٹری میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے،اوپیک

خام تیل کی رسد کو یقینی بنانے کے لئے آئل انڈسٹری میں سرمایہ کاری ناگزیر ...

پیرس(اے پی پی) خام تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم ’’اوپیک‘‘ نے کہا ہے کہ خام تیل کی رسد کو یقینی بنانے کے لئے آئل انڈسٹری میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اوپیک نے منگل کو اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا کہ خام تیل کی طلب اور رسد میں توازن کو یقینی بنانے کے لئے انڈسٹری میں موزوں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب سے 2040ء تک خام تیل سے متعلق تقریباً 100کھرب ڈالر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

جبکہ خام تیل کی منڈی کی حالیہ صورتحال کی وجہ زائد رسد ہے تاہم وقت کی ضرورت ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آج سرمایہ کاری میں کمی مستقبل میں خام تیل کی رسد میں قلت کا باعث نہ بنے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کے باعث کئی کمپنیوں نے انڈسٹری میں سرمایہ کاری میں کٹوتی کرتے ہوئے کئی منصوبوں کو منسوخ یا ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔اوپیک کے مطابق خام تیل کے ذخائر کی تلاش اور پیداوار پر 2015ء میں سرمایہ کاری 130ارب ڈالر کمی کے ساتھ تقریباً 400ارب ڈالر کی سطح پر آگئی اور اس میں رواں سال مزید 80ارب ڈالر کمی ہو سکتی ہے

مزید : کامرس