ترکی پاکستان کی صلاحیتوں اور جغرافیائی حیثیت سے فائدہ اٹھائے: محمد ناصر حمید خان

ترکی پاکستان کی صلاحیتوں اور جغرافیائی حیثیت سے فائدہ اٹھائے: محمد ناصر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس ڈیسک) ترکی کے پچیس رکنی وفد نے لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان سے ملاقات میں پاکستانی تاجروں کے ساتھ تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انرجی اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ وفد کی سربراہی یاسر ڈورگون کررہے تھے جبکہ لاہور چیمبر کے سابق صدر بشیر اے بخش، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اویس پراچہ، شاہد نذیر، میاں زاہد جاوید، علی حسام، سید مختار علی، سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن ظفر محمود اور سابق نائب صدر سعیدہ نذر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ترک وفد کے سربراہ نے کہا کہ ترکی کے تاجر اکستان میں بزنس پارٹنرز تلاش کررہے ہیں ، ترکی اور پاکستان میں باہمی تجارت نئی بلندیوں تک لے جانے کی کافی گنجائش ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تاجروں کو اپنے تعلقات مزید مستحکم کرنے چاہئیں ، ترکی کی معاشی ترقی کے رول ماڈل کو سامنے رکھ کر پاکستان بھی تیزی سے معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کو پاکستان کی صلاحیتوں اور جغرافیائی حیثیت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا میں کوڑے سے توانائی پیدا کی جارہی ہے، اس سلسلے میں ترکی کا تجربہ پاکستان کے لیے مددگار ثابت ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مشترکہ اقدامات اٹھائے جائیں تو پاک ترک تجارت کا حجم کئی گنا بڑھ سکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان مستقل بنیادوں پر بی ٹو بی میٹنگز منعقد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ترک وفد کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید :

کامرس -