صدر ہائیکورٹ بار کی جانب سے نفاذ اردو کی درخواست خوش آئند ہے،ڈاکٹر نظامی

صدر ہائیکورٹ بار کی جانب سے نفاذ اردو کی درخواست خوش آئند ہے،ڈاکٹر نظامی

لاہور(پ ر)پاکستان قومی زبان تحریک کے مرکزی صد ڈاکٹر محمد شریف نظامی نے اردو کو ہر سطح پر بطور سرکاری زبان رائج کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست نہایت خوش آئند ہے اور یہ وکلاء برادری کی قومی زبان اردو سے وابستگی کا اظہار ہے۔انہوں نے توقع کی ہے کہ اس درخواست کی ہر سماعت کے موقع پر وکلاء حضرات کی کثیر تعداد قومی اہمیت کے اس کیس کی تائید کی غرض سے کمرہ عدالت میں موجود رہا کرے گی۔ ڈاکٹر شریف نظامی نے امید ظاہر کی ہے کہ اس درخواست کے نتیجے میں عدالت عظمیٰ کے ایک سال پہلے کے حکم پر عمل درآمد اور اردو بطور سرکاری زبان نفاز کے سلسلے میں ٹھوس پیش رفت ہوگی۔جس سے پاکستانی قوم انگریزی کی غلامی سے نجات حاصل کر سکے گی۔اس موقع پر انہوں نے تحریک کی طرف سے ہر قسم کے جمع شدہ تائید مواد درخواست دہندہ کے حوالے کرنے کی پیش کش بھی کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4