مزدور طبقہ کیلئے چھت کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،اشفاق سرور

مزدور طبقہ کیلئے چھت کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،اشفاق سرور

لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ مزدور طبقہ کیلئے چھت کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔ رہائشی سہولیات کی فراہمی اور مالی گرانٹس کے معاملات میں سرخ فیتے کو ہرگز رکاوٹ بننے نہیں دیا جائے گا ۔ انہوں نے یہ بات پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری سید وقار حسین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ڈائریکٹر ور کس محمد مظہر اور بورڈ کے دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے سیکرٹری بورڈ سید وقار حسین کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے انتظامی اُمور کی بہتری اور صنعتی کارکنوں ومزدوروں اور اُن کے اہل خانہ کی مالی گرانٹس کی بروقت ادائیگی کیلئے بہترین صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔ سیکرٹری بورڈ سید وقار حسین نے مزدوروں اور اُن کے اہل خانہ کو مالی گرانٹس کی فراہمی اور ہائشی و تعمیراتی منصوبوں کی جلد تکمیل کا اعادہ کیا ۔

ڈائریکٹر ورکرز محمد مظہر نے وزیر محنت کو مزدوروں کیلئے تعمیر ہونے والے ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 926.126ملین روپے کی مجموعی لاگت سے 208فلیٹس ، بچوں اور بچیوں کے لیے الگ الگ ہائی سکول ، کمیونٹی سنٹر ، مسجد اور کھیل کے میدان پر مشتمل لیبر ویلفیئر کالونی وار برٹن ننکانہ مکمل ہو چکی ہے جہاں مزدوروں کو رہائش گاہیں الاٹ کرنے کیلئے ڈی سی او ننکانہ کو درخواست کی جا چکی ہے۔ تمام ضروری اُمور مکمل ہونے کے بعد جلد ہی اس کالونی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا ۔ محمد مظہر نے بتایا کہ 3017.847ملین روپے کی مجموعی لاگت سے زیر تعمیر لیبر کالونی ملتان کا 60 فی صد کام مکمل ہو چکا ہے اور ٹھکیداروں کو ادائیگیوں کے معاملات میں حائل رکاوٹیں بھی دور کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لیبر کالونی ملتان کا تعمیراتی کام اگلے سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گا ۔ محمد مظہر نے بتایا کہ مزدوروں کے بچوں کیلئے ڈنڈوٹ ضلع جہلم میں ورکرز ویلفیئر گرلز سکول میں توسیع جبکہ شیر بنگال پرائمری سکول کا تعمیراتی کام بھی مکمل ہو چکا ہے جن کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا ۔صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے سیکرٹری بورڈ سید وقار حسین کو ہدایت کی کہ لیبر کالونی ملتان کی تعمیر میں سستی اور تاخیر ی حربے استعمال کرنے والے سرخ فتیے کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیر التواء معاملات خاص طور پر سکولوں کے بچوں کو کتابوں کی فراہمی اور مزدوروں کو مالی گرانٹس کی ادائیگی کے کام میں ہنگامی بنیادوں پر تیزی لائی جائے اور جان بوجھ کر تاخیر و سستی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی میں کسی قسم کے سیاسی دباؤ اور سفارش کو ہر گز حائل نہیں ہونے دیا جائے گا ۔راجہ اشفاق سرور نے ہدایت کی کہ ورکرز ویلفیئر کمپلیکس ٹیکسلا کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کیا جائے اور کالونی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے سی ڈی اے کے چیئرمین سے ملاقات کر کے معاملات جلد از جلد طے کئے جائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4