حکمران پاناما کے شکنجے سے نہیں نکل سکتے،محمد اشرف بھٹی

حکمران پاناما کے شکنجے سے نہیں نکل سکتے،محمد اشرف بھٹی

لاہور( نمائندہ خصوصی )پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکمران پاناما کے شکنجے سے نہیں نکل سکتے ۔جوپاکستان کے ساتھ وفادارنہیں عوام اس کے ساتھ وفانہیں کرسکتے ۔شریف خاندان نے قدم قدم پرپاکستان کی سا لمیت، جمہوریت اورمعیشت کوشدیدنقصان پہنچایا ۔پاناما بحران وہ بندگلی ہے جہاں سے حکمران باہر نہیں نکل سکتے ۔میاں نوازشریف کے نادان دوست انہیں سہارا دینے کی بجائے الٹا انہیں دھکا دے رہے ہیں۔جووفاقی وزیردفاع اپنے وزیراعظم اورپاکستان کے دفاعی ادارے کادفاع نہیں کرسکتا وہ ملک کادفاع کیا خاک کرے گا۔حکمران جس کنویں میں گرے پڑے ہیں وہ انہوں نے اپنے ہاتھوں سے کھودا ہے ۔وہ نادرآبادمیں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ نااہل حکمرانوں کارویہ آبیل مجھے مارکے مصداق ہے مگراس طرح سیاسی شہادت کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔

جس دن بلاول بھٹو زرداری نے احتساب کابگل بجادیا ،اس روزجیالے کسی طوفان کی طرح پانامالیگ کواپنے ساتھ بہالے جا ئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے بہترکوئی جماعت جمہوری قوتوں کے درمیان پل کاکردارادانہیں کرسکتی ۔تخت لاہور پربراجمان حکمرانوں کا خودکواحتساب سے مستثنیٰ سمجھناان کی خام خیالی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یقیناًقومی لٹیروں کااحتساب ہوگا مگرشروعات حکمران خاندان سے ہو گی ۔پاناما لیک حکمران لیگ کی سیاست کیلئے'' کلنک کے ٹیکے ''کے متراد ف ہے ۔رائیونڈ کے رائل خاندان کا احتساب ہونے تک حکمرانوں کے گردگھیرا دن بدن تنگ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری کاچارٹرآف ڈیمانڈ تسلیم نہ کیا گیا تو پیپلزپارٹی بھی شاہراہوں پرہوگی اور جعلی حکومت کی عمارت زمین بوس ہوجائے گی ۔ پیپلزپارٹی کی قیادت تخت لاہور کیخلاف تحریک کی کامیابی میں کلیدی کرداراداکرے گی ۔انہوں نے کہا کہ جس حکمران خاندان کے محلات کی کمزور اینٹیں نکل رہی ہوں وہ کسی کی اینٹ سے اینٹ نہیں بجاسکتے ۔سرکس کے شیر صرف تماشا کرسکتے ہیں ،جس حکومت کیخلاف لاہور اٹھ کھڑاہو اسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے قومی لٹیروں کابے رحم احتساب کرے گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4