پنجاب میں اہم فیصلے کابینہ کرے گی ،رولزآف بزنس میں تبدیلی کیلئے انتظامی محکموں سے تجاویز طلب

پنجاب میں اہم فیصلے کابینہ کرے گی ،رولزآف بزنس میں تبدیلی کیلئے انتظامی ...

لاہور(محمد نواز سنگرا) تمام اہم فیصلے صوبائی کابینہ کرے گی جس کیلئے رولز آف بزنس میں تبدیلی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے۔ تمام انتظامی محکموں سے رولز میں ضرورت کے مطابق ترامیم کیلئے تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔جہاں پنجاب حکومت کا لفظ استعمال ہو گا وہاں فیصلے صوبائی کابینہ کرے گی فرد واحد من مانی نہیں کر سکے گا۔فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔جس کیلئے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریزتجاویز سیکرٹری قانون کو ارسال کریں گے۔ تمام صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہ 15روز میں تجاویز کو حتمی شکل دینے کے پابند ہوں گے۔روز نامہ پاکستان کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے محکمہ قانون کوہدایت کی ہے کہ وہ تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز سے تجاویز طلب کریں کہ رولز آف بزنس میں تبدیلی کہاں پر لانی ہے جس سے پنجاب حکومت کے فیصلے فرد واحد کی بجائے صوبائی کیبنٹ کر سکے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جہاں بھی رولز آف بزنس میں تبدیلی کی ضرورت ہے وہاں تبدیلی کر کے اہم فیصلے صوبائی کابینہ کو بھجوائے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت کا مطلب صرف ایک شخص لینا غلط ہے بلکہ اس میں پوری کابینہ شامل ہو گی اور اہم فیصلے کسی ایک شخص کے احکامات کی بجائے کابینہ کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔ اور جہاں بھی پنجاب حکومت کے فیصلوں کی بات آئے گی تو وہاں پوری کابینہ اپنے اختیارات کا استعمال کرے گی وزیر اعلیٰ اکیلے فیصلے کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔تمام سیکرٹریوں کی طرف سے موصول ہونے والی تجاویز آئی اینڈ سی ونگ کے ذریعے کیبنٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کو ارسال کی جائیں گی۔جہاں بحث کے بعد ان تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی مرضی سے فیصلے نہیں کرسکیں گے بلکہ اہم فیصلے کیبنٹ کرے گی ۔تجاویز پر غور کر نے کے بعد 30دن میں تمام امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔جس میں صوبائی کابینہ اور وزراء مضبوط ہو جائیں گے اور ان کی صوبے کے امور چلانے میں اہمیت بڑھ جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی طرح وفاق سمیت دیگر صوبوں میں بھی وفاقی اور صوبائی کابینہ کے احتیارات کو وسعت دی جا رہی ہے۔

مزید : صفحہ اول