بھارت کی کنٹرول لائن پر پھر اشتعال انگیز ی، ماں بیٹی جاں بحق ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب ، شدید احتجاج

بھارت کی کنٹرول لائن پر پھر اشتعال انگیز ی، ماں بیٹی جاں بحق ، بھارتی ڈپٹی ...

 کھوئی رٹہ /کوٹلی/اسلام آباد(اے این این)بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پرجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کاسلسلہ بدستورجاری ،کھوئی رٹہ اور بٹل سیکٹر وں میں شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری سے ماں بیٹی شہید ، سکول کے قریب مارٹرگولہ گرنے سے بچے خوف زدہ ، واقعہ کے بعد سرحدی علاقوں میں تمام سکول اور کالجوں کو تاحکم ثانی بند کردیاگیا،ادھرجنگ بندی کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پراسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرجے پی سنگھ کی ایک باربھر دفترخارجہ طلبی ، شدیداحتجاج ریکارڈ کرایاگیا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی جنگی جنون قابو میں آنے کا نام نہیں لے رہا اوراس کی جانب سے گزشتہ کئی ماہ سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے منگل کی صبح بٹل سیکٹر میں اشتعال انگیزی کے تازہ واقعہ کے دوران شہری آبادی کونشانہ بنایاگیااس دوران ایک گھر پرمارٹر گولہ گرنے سے ماں اور بیٹی شہید ہوگئیں۔ بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر کے علاقوں چتر، ہنڈلی اور گاہی میں بھی شہری آبادی کو نشانہ بنایا بنڈلی میں واقع ایک سکول کے قریب بھارتی فوج کی جانب سے داغا گیا ایک مارٹر گولہ عین اس وقت آگرا جب وہاں بچے تعلیم حاصل کررہے تھے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بھارتی اشتعال انگیزیوں کے پیش نظرسرحدی علاقوں میں واقع تمام سرکاری و نجی سکول اور کالجوں کو تاحکم ثانی بند کرد یاگیا اس سے پہلے پیرکو نیکیال اور جندروت سیکٹرز میں بھارتی فون کی بلااشتعال فائرنگ میں تین افراد شہید جبکہ ایک پانچ سالہ بچے سمیت نو افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ دوسری جانب کنٹرول لائن اور ورکنگ بانڈری پر بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزی کے بڑھتے ہوئے واقعات اورجانی و مالی نقصانات پر اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج ریکارڈ کرایاگیا ۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزارت خارجہ میں جنوبی ایشیاء اور سارک کے لیے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکے حوالے کیاجس میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی سخت مذمت کی گئی ہے اور بھارت کو باور کراگیاہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور کنٹرول لائن پر شہریوں کونشانہ بنانے کاسلسلہ بند کرے۔ بھارت سے یہ بھی کہاگیاکہ وہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائے اور اپنے فوجیوں کو ہدایت جاری کرے کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کا صحیح معنوں میں احترام کریں اور لائن آف کنٹرول پر امن و امان برقرارر کھے۔بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکواس سے پہلے تین بارطلب کیاجاچکاہے۔ ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد میں سفارتی اہلکاروں کے روپ میں کام کرنے والے بھارتی انٹیلی جنس اداروں کے لیے کام کرنے والے اہلکاروں کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور قرار دیا گیا کہ بھارتی سفارتی اہلکار سفارتی آداب کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ۔

اشتعال انگیزی

مزید : صفحہ اول