بریگزٹ سے قبل بھارت کے ساتھ تجارت میں اضافہ کریں گے، برطانیہ
نئی دہلی(این این آئی)برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے نے کہا ہے کہ برطانیہ کو بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافے کے لیے یورپی یونین سے نکلنے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ایک انٹرویومیں انہوں نے بھارت اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کے امکانات کو ’’غیر محدود‘‘ قرار دیتے ہوئے ایک اسکیم کا بھی اعلان کیا جس کے تحت بھارتی کاروباری افراد کو پاسپورٹ کنٹرول اور امیگریشن کے حوالے سے آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ یہ بات بہت اہم ہے کہ 21ویں صدی کی معیشت کے حوالے سے بھارت اور برطانیہ مل کر کام کریں۔ انہوں نے برطانوی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ ان کے ملک میں ہونے والے انقلابی کاموں میں شریک ہوں جن میں سے ایک 100 اسمارٹ شہر بسانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔