ایل ڈی اے نے خصوصی مسماری سکواڈ تشکیل دیدیا، کل سے آپر یشن شروع

ایل ڈی اے نے خصوصی مسماری سکواڈ تشکیل دیدیا، کل سے آپر یشن شروع

لاہور (اپنے خبر نگار سے) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور ان کے خلاف فوری اورموثر کارروائی کے لئے خصوصی مسماری سکواڈ تشکیل دینے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔یہ سکواڈ چیف ٹاؤن پلانر کی زیر نگرانی کام کرے گا اور مسلسل گشت کر کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لے گا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری کارروائی کرے گا ۔سکواڈ میں پولیس کی نفری کے علاوہ گین مین ‘ انفورسمنٹ انسپکٹر ‘ انکروچمنٹ سٹاف وغیرہ شامل ہوں گے ۔اس عملے کو خصوصی طور پر درکار مشینری ‘ بلڈوزر اور دیگر ضروری سامان بھی مہیا کیا جا رہا ہے ۔سکواڈ کل سے کام کرنا شروع کر دے گا ۔ دریں ا ثناء غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مہم کے دوران گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں9عمارتیں مسمار اورایک سربمہر کر دی گئی۔ تعمیراتی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹیپو بلاک نیو گارڈن ٹاؤن کے پلاٹ نمبر34پر بنائی جانے والی عمارت مکمل طور پر جبکہ اے بلاک نیو مسلم ٹاؤن کے پلاٹ نمبر8پر تعمیر شدہ عمارت جزوی مسمار کر دی گئی۔ پلاٹ نمبر122ابوبکر بلاک نیو گارڈن ٹاؤن کی اندرونی دیواریں مسمار کر کے اسے سربمہر کر دیاگیا جبکہ پراپرٹی نمبر31شادمان کالونی کو بھی سربمہر کر دیا گیا ایل ڈی اے کے عملے نے کنٹرولڈ ایریا میں ڈیفنس روڈ پر محافظ ٹاؤن فیز ٹو میں غیر قانونی تعمیر کی جانے والی دکانوں کو مسما ر کر دیا ۔ ڈی ایچ اے رہبر کے بالمقابل زیر تعمیر کمرشل عمارت کی بنیادیں اور فریم سٹرکچر توڑ دیا گیا اور نو تعمیر شدہ دکانیں جزوی مسمار کر کے ان کے شٹر اتاردیئے گئے ۔ کاہنہ فلائی اوور کے قریب کمرشل ہال کی چھت ڈالنے کے لئے لگائی جانے والی شٹرنگ گرادی گئی ۔ موضع تھے پنجو ڈیفنس روڈ پرنقشہ منظور کروائے بغیر تعمیر کئے جانے والے مکان کی شٹرنگ گرادی گئی ۔ فیروز پور روڈ پر وینس ہاؤسنگ سکیم میں رہائشی پلاٹ نمبر240بلاک اے کی غیر قانونی سب ڈویژن ختم کر دی گئی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1