مقبوضہ کشمیر کی تحریک اب نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، راجہ آفتاب

مقبوضہ کشمیر کی تحریک اب نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، راجہ آفتاب

لاہور(نامہ نگار خصوصی )کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا ، ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 70سال سے آزادی کی جنگ لڑی جا رہی ہے ، خطے میں امن قائم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ کشمیر کو آزاد کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ بار کی دعوت پر آئے آزاد کشمیر بار کے وفد سمیت دیگر نے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کشمیر بار سے آئے صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن کشمیر راجہ آفتاب نے خصوصی خطاب کیا ۔ تقریب میں ہائی کورٹ بار کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمان ، سیکرٹری انس غازی ، فنانس سیکرٹری سید اسد بخاری ،سپریم کورٹ بار کے سابق سیکرٹری راجہ ذوالقرنین نے شرکت کی۔ جبکہ بلقیس رشید منہاس لاہور ہائی کورٹ بار کی کشمیر کمیٹی کے چیئر مین خواجہ محمود نے بھی وکلاء سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حوالے سے خطاب کیا۔ راجہ آفتاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک اب نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے پاکستان کشمیر کے تمام اداروں کو چاہئے کہ وہ اس مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا اپنا بھر پور کردار ادا کریں انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تحریک کا اختتام قریب ہے وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزادی کے سایہ تلے وہاں کی عوام سکھ کا سانس لے گے انہوں نے کہا کہ آج کشمیر میں تمام مائیں بھنیں بزرگ سب پاکستان کا پرچم اٹھائے آزادی کی تحریک میں حصہ لے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ شہادت کشمیریوں کا حوصلہ ہے قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا کشمیر سے بہنے والے دریا پاکستان میں آکر گرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کشمیر کی آزادی سے منسلک ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی عدلیہ میں جس طرح خواتین کو جج تعینات کیا جاتا ہے آزاد کشمیر میں بھی خواتین ججز کے لیے سیٹیں پیدا کی جائیں ۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے ہائی کورٹ بار کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمان نے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ آزاد کشمیر بار کے وفد نے دورہ کیا انہوں نے کہا کہ کشمیر کے وکلاء یہاں اپنے گھر میں آئیں ہیں انہوں نے کہا کہ لاہور میں کم و بیش 800وکلاء کشمیر کی نمائندگی کرتے ہوئے پریکٹس کر رہے ہیں جو ہمارے لیے اعزازکی بات ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پنجاب میں کوئی فرق نہیں مقبوضہ کشمیر کی آزادی تحریک جدوجہد کا نتیجہ ضرور نکلے گا اب وہ دن دو ر نہیں اور کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی ۔

مزید : صفحہ آخر