عوام تذبذب کا شکار ، سرمایہ دار ملک سے بھاگ رہے ہیں، محمود الر شید
لاہور( نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیر اعظم نے احتساب کے معاملے میں صرف اہتمام حجت پوری کی، چوری میں پکڑے جانے کا خوف نہ ہوتا تو پہلے عہدہ چھوڑتے، ذمہ داروں کا تعین کرتے اور پھر خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے۔ عوام تذبذب کا شکار ہیں، سرمایہ دار ملک سے بھاگ رہے ہیں، حکمران ڈھٹائی چھوڑ دیں بتا دیں پیسہ کہاں سے آیا؟ بیرون ملک کیسے بھیجا؟ اس پر کتنا ٹیکس دیا؟ سادہ سے سوالات ہیں، جواب دینے کی بجائے نواز شریف آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ شریف خاندان رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، پا نا مہ ایک سیکنڈل نہیں میگا کرپشن کا دستاویز ی ثبوت ہے، اب بھی سزا نہ ملی تو ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ چیرمین سیکرٹریٹ لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس کی کارروائی بھی اس وقت تک نہیں چلنے دیں گے جب تک وزیراعلیٰ پنجاب ایوان میں آکر تحریک انصاف، ق لیگ کے کارکنوں ، رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کی گرفتار یوں کا جواز پیش نہیں کرتے۔