ڈی جی سپورٹس پنجاب نے سابق کھلاڑیوں سے تجاویزمانگ لیں

ڈی جی سپورٹس پنجاب نے سابق کھلاڑیوں سے تجاویزمانگ لیں

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے سپورٹس کی بحالی اور فروغ کیلئے ملک کے تمام سپورٹس لیجنڈز ، عالمی اور ایشیائی ٹائیٹلز جیتنے والے کھلاڑیوں سے تجاویز مانگ لی ہیں اور کہا ہے کہ سپورٹس کے میدان میں پاکستان کو اپنا کھویا ہوامقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے ملک کے تمام سپورٹس لیجنڈز ، عالمی اور ایشیائی ٹائیٹلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا کہ ماضی میں پاکستان کا سپورٹس کے میدان میں بڑا مقام رہا ہے ،کرکٹ، ہاکی، سکواش اور دیگر کھیلوں میں پاکستان کے کھلاڑی دنیا میں ناقابل تسخیر رہے ہیں، ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، ان کو مناسب رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ دنیا میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں، اس معاملے میں ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

، انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کے رحجان میں اضافے کیلئے سپورٹس بہترین ذریعہ ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنی تجاویز دیں کہ کس طرح سپورٹس کی بحالی اور فروغ کو ممکن بنایا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ آپ کی قیمتی آرا کا احترام کرتے ہوئے تجاویز پر عمل کیا جائے گا تاکہ ملک میں سپورٹس کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی