عوامی تحریک یوتھ ونگ کاسائیکل کارواں 20 نومبر کو کراچی سے شروع ہوگا

عوامی تحریک یوتھ ونگ کاسائیکل کارواں 20 نومبر کو کراچی سے شروع ہوگا

لاہور(خبر نگار خصوصی)پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر یوتھ ونگ مظہر محمود علوی نے کی۔اجلاس میں یوتھ ونگ کے مرکزی،صوبائی و ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مظہر علوی نے اعلان کیا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ 20 نومبر سے کراچی تا خیبر ضرب امن،تبدیلی نظام،سائیکل کارواں کا آغاز کرے گی۔سائیکل کارواں 20 نومبر کو بانی پاکستان کے مزار کراچی سے شروع ہو کر حیدر آباد، سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، رحیم یار خان، بہاولپور، ملتان، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، میرپور، راولپنڈی، اسلام آباد، نوشہرہ سے ہوتا ہوا پشاور پہنچے گا۔سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی قرارداد امن اور عوامی سطح پر بیداری شعور مہم کیلئے نکالا جانے والا سائیکل کارواں چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر ملک کے 50 بڑے شہروں سے ہوتا ہوا 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور پہنچے گا۔جہاں یوتھ ونگ کے نوجوان وطن عزیز کی سلامتی کیلئے جان دینے والے شہداء آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ضرب امن سائیکل کارواں قومی یکجہتی اور ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام امن قرارداد امن کی شکل میں آرمی پبلک سکول میں پیش کرینگے۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل یوتھ ونگ منصور قاسم ،محمد شعیب ،حاجی فرخ خان،محمد عمر اعوان و دیگر بھی شریک تھے ۔مظہر علوی نے کہا کہ ضرب امن کارواں میں شامل نوجوان آرمی پبلک سکول کے طلباء سے اظہار یکجہتی کریں گے اور معصوم لوگوں کی جان لینے والے دہشت گردوں کو امن کا پیغام دینگے۔انہوں نے کہا کہ ضرب امن سائیکل کارواں 10 پروفیشنل سائیکلسٹ پر مشتمل ہو گا جبکہ امن کارواں میں درجنوں فلوٹ نما گاڑیاں ،سینکڑوں موٹر سائیکل سوار بھی شامل ہوں گے۔کارواں کا شہر شہر پرتپاک استقبال کیا جائیگا۔یوتھ لیگ کے ڈویژنل ضلعی قائدین ضرب امن کارواں کا استقبال کریں گے اور کارواں میں شامل ہوتے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مزار قائد پر کارواں کے آغاز کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے منہاج القرآن انٹڑنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین خطاب کریں گے جبکہ کارواں کی لاہور آمد کے موقع پر ایک بڑی استقبالیہ تقریب منعقد کی جائیگی جس میں ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈاپور، بشارت جسپال، حافظ غلام فرید،چودہری افضل گجر اور پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے نوجوان شرکت کرینگے۔ مظہر علوی نے کہاکہ ضرب امن کارواں کی قیادت عوامی تحریک کے نوجوان کرینگے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے علمی، فکری اور نظریاتی محاذ پر ملک گیر ضرب امن مہم کے پیغام کو عام کرنے کیلئے نکالے جانے والے سائیکل کارواں کا جگہ جگہ سول سوسائٹی، تاجر برادری، صحافی، وکلاء ،مزدور، طلباء، سماجی و سیاسی و مذہبی رہنما استقبال کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ضرب امن کارواں سے امن ،محبت اور انقلاب کا جہاز اونچی اڑان پکڑے گا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر