ریلوے میں ٹریننگ کے معیار کو بھی مزید بہتربنایاجائے ، سعد رفیق

ریلوے میں ٹریننگ کے معیار کو بھی مزید بہتربنایاجائے ، سعد رفیق

لاہور(خبر نگار خصوصی)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ریلویز ہیڈکوارٹرزآفس میں ٹرین سیفٹی آپریشن کے حوالے سے دوسرے روز بھی اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں حادثات کی روک تھام کیلئے مؤثر حکمتِ عملی وضع کرنے کے حوالے سے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے شعبہ کا قیام ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے جس میں پاکستان ریلویز کے ہر شعبے کیلئے علیحدہ علیحدہ ریسرچ کی جاسکے تاکہ دورِ حاضر کی جدید ٹیکنالوجی اور مستند آئیڈیازکوسامنے رکھتے ہوئے ریلوے کے آپریشنل نظام میں بہتری اور وسعت لائی جاسکے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ ریلوے میں ٹریننگ کے معیار کو بھی مزید بہتربنایاجائے تاکہ ٹیکنکل سٹاف کی تربیت احسن طریقے سے کی جاسکے۔بیرونِ ممالک ٹریننگ کیلئے جانے والے ٹیکنکل سٹاف کو 15دِنوں کی بجائے زیادہ مدّت کیلئے بھجوایا جائے تاکہ وہ اچھی طرح ٹریننگ حاصل کر کے پاکستان ریلویزکے نظام کو بہتر انداز میں آپریٹ کر سکیں۔ جدید نظام متعارف کروانے کیلئے ایسی حکمتِ عملی تیار کی جائے جس کے تحت فاسٹ موونگ ٹرینز کو بخوبی چیک کیا جاسکے اوراُس سے پرزوں کی حالت اور وارنٹی کا پیمانہ طے ہوسکے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبر فنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل لیاقت علی چغتائی، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ محمود حسن، چیف مکینکل انجینئر کیرج اینڈ ویگن عدنان شافع اور چیف مکینکل انجینئر لوکو شاہد عزیز سمیت ریلوے کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

سعد رفیق

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر