حج پالیسی 2017کی تیاری ، تجاویز اور مشاورت کا سلسلہ جاری

حج پالیسی 2017کی تیاری ، تجاویز اور مشاورت کا سلسلہ جاری

اسلام آباد(پ ر)حج پالیسی 2017کی تیاری کے حوالے سے تجاویز اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز حج گروپ آرگنائزرز اور نئی انرولڈ کمپنیوں کے نمائندوں کے الگ الگ اجلاس وزارت کے کمیٹی روم میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور کی زیر صدارت منعقد ہوئے ۔ اجلاس میں حج گروپ آرگنائزرز کی نمائندہ ایسوسی ایشن ’ہوپ ‘اور نئی انرولڈ کمپنیوں کی مختلف ایسوسی ایشنوں کے نمائندگان نے حج کوٹہ ، حجاج کو کم اخراجات میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اور دیگر امور پر اپنی تفصیلی نقطہ نظر اور سفارشات پیش کیں۔ سیکرٹری مذہبی امور سہیل عامر کا کہنا تھا کہ مشاورت کے بعدیہ سفارشات اور تجاویز اعلیٰ سطحی کمیٹی کے سامنے بھی رکھی جائیں گی ۔وزارت مسائل کے دیر پا حل کے ساتھ ساتھ سرکاری اور پرائیویٹ عازمینِ حج کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا چاہتی ہے۔ وزارت کی خواہش ہے کہ عازمینِ حج کو کم سے کم خرچ میں بہتر سے بہتر سہولیات والا حج کروایا جائے۔ اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز بشمول گذشتہ سالوں کے حجاجِ کرام سے باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات، مسابقتی کمیشن اور اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں حج پالیسی 2017تیار کی جائے گی۔ فریقین نے مشاورتی عمل کے آغاز کوخوش آئند قرار دیا اور حج انتظامات میں بہتری کی امید ظاہر کی۔ اجلاس میں مسابقتی کمیشن پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ شائستہ بانواور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر