وفاقی حکومت احمد پور شرقیہ‘ صادق آباد تحاصیل میں 2 ہسپتال قائم کرے گی
چنی گو ٹھ(نا مہ نگار) وفاقی حکومت تحصیل احمد پورشرقیہ اور تحصیل صادق آباد میں 250 بستروں کے دو ہسپتال قائم کرے گی جو ان 50 جدید ترین ہسپتالوں میں شامل ہے جس کا اعلان (بقیہ نمبر40صفحہ7پر )
وزیراعظم میاں نواز شریف نے حال ہی میں کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے اعلان کردہ پچاس جدید ترین ہسپتال ترکی کے صدر طیب اردگان کی مدد سے مظفر گڑھ میں قائم کیے گئے جدید ترین ہسپتال کی طرز پر بنائے جائیں گے۔ وفاقی حکومت نے بہاول پور ڈویژن میں صرف دو ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ایک ضلع بہاول پور کی تحصیل احمدپورشرقیہ اور دوسرا صادق آباد تحصیل میں بنایا جائے گا۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ حکومت ترکی اس پراجیکٹ کیلئے گرانٹ مہیا کرے گی۔ ادھر تحصیل احمد پور شرقیہ میں اڑھائی سو بستروں کے جدید ہسپتال کی تعمیر کیلئے کمشنر بہاول پور ڈویژن نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ عبدالرؤف مہر کو فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی جنہوں نے اس مقصد کیلئے جگہ کا انتخاب کرنے کیلئے مختلف مقامات کا جائزہ لیا۔ محراب والا اور عباس عاربی دو ایسے مقامات تھے جن میں سے کسی کا انتخاب کرنا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے جدید ہسپتال کیلئے شہر احمد پورشرقیہ سے چار کلومیٹر موضع عباس عاربی کا انتخاب کیا جہاں سرکاری اراضی موجود ہے۔ موضع عباس عاربی میں 250 بستروں کے سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال کی تعمیر کیلئے فزیبلٹی رپورٹ اسسٹنٹ کمشنر عبدالرؤف مہر نے مرتب کرکے کمشنر بہاول پور کو بھجوا دی ہے جو اسے وزیراعظم آفس بھجوائیں گے۔
ہسپتال