پاکستان امن پسند ممالک کیساتھ دوستی کا خواہشمندہے،زوہیب
لاہور(فلم رپورٹر) ابھرتے ہوئے نوجوان اداکار و ماڈل زوہیب نے کہا ہے کہ کیرئیر کی پہلی ڈرامہ سیریل’’رشک‘‘زیر تکمیل ہے ہمیں اپنی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے دنیا بھر میں ثقافتی پروگرامز کا انعقاد کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ثقافت نے فلم ، ٹی وی کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی ثقافت کے پنجے پاکستان میں پھیلا دیئے ہیں جبکہ ہم اس کے مقابلے میں بالکل لاچار اور بے بس نظر آتے ہیں ۔اس حوالے سے میری تجویز ہے کہ ناصرف اندرون ملک بلکہ بیرون ممالک ثقافتی طائفے بھیجنے چاہئیں جو پاکستان کی اصل ثقافت کو روشناس کروا سکیں جس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے فنکاروں کو شامل کرنا چاہئیں ۔
اور اس مہم کو جتنی جلدی ہو سکے شروع کر دینا چاہیے تاکہ ہم اپنی نسل کو بھارتی ثقافت کی یلغار سے دور کر سکیں۔زوہیب نے کہا کہ قومیں اپنی ثقافت کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنی شناخت رکھتی ہیں اور پاکستان امن پسند ہے اور دنیا کے دیگر امن پسند ممالک کے ساتھ دوستی کا شدت سے خواہشمندہے ۔