چوہنگ:بیوی بچوں پرکیمیکل پھینکنے والا شوہرساتھی سمیت گرفتار

چوہنگ:بیوی بچوں پرکیمیکل پھینکنے والا شوہرساتھی سمیت گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( کرائم رپورٹر) ایس پی سی آئی اے ندیم عباس کی ہدایت پر سی آئی اے صدر پولیس نے تھانہ چوہنگ کے علاقہ میں چند روز قبل پروفیسر انیلہ اور اس کے بچوں پر کیمیکل پھینکنے کی لرزہ خیز واردات میں ملوث اس کے شوہر سمیت دو ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چوہنگ کے علاقہ میں ماں اور اس کے دو بچوں پر کیمیکل پھینکنے کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ایس پی سی آئی اے ندیم عباس کو اس واردات میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ ڈی ایس پی سی آئی اے صدر انور سعید کنگرہ کی سربراہی میں انسپکٹر محمداقبال گورایہ اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسماۃ پروفیسرانیلہ کے شوہر سہیل احمد اور اس کے ساتھی شہباز عرف ہیرا کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوران تفتیش ملزم سہیل احمد نے بتایا کہ پروفیسر انیلہ نے پہلے افضال شاہ سے شادی کی تھی جس سے اس کے دو بچے عائشہ اور سلمان تھے۔ جن کو ملنے کے لیے کچھ عرصہ سے اس کا سابقہ شوہر گھر آتا تھا جو اسے پسند نہ تھا اس لیے اس نے مسماۃ انیلہ کے سابقہ شوہر افضال کو پھنسانے کے لیے اپنا روپ تبدیل کر کے اور چہرے پر ہیلمٹ پہن کر اپنے دوست شہباز کے ساتھ مل کر پروفیسر انیلہ اور اس کے بچوں پر کیمیکل پھینک کر فرار ہو گیا تھا۔سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے سفاک ملزموں کی گرفتار ی پر پولیس ٹیم کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -