تھانہ کلچر کی تبدیلی میں فرنٹ ڈیسک کا کردارمثالی ہے، رانا ایاز سلیم

تھانہ کلچر کی تبدیلی میں فرنٹ ڈیسک کا کردارمثالی ہے، رانا ایاز سلیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن لاہوررانا ایاز سلیم نے کہا ہے کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی میں فرنٹ ڈیسک مثالی کردار ادا کر رہا ہے جہاں کام کرنے والے پولیس اسٹیشن اسسٹنٹس جس طرح تھانے آنے والے پریشان حال شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ان کے مسائل کے جلد از جلد حل کیلئے کوشاں ہیں اس سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضامیں دن بدن بہتری آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ ڈیسک پراجیکٹ پولیس فورس کے مجموعی تشخص کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے لہٰذا فرنٹ ڈیسک پر فرائض سر انجام دینے والا تمام اسٹاف اپنی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری کو بہترسے بہتربناتے ہوئے سائلین کے مسائل کے حل کیلئے خلوص نیت اور لگن سے عمل پیرا رہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزایوان اقبال میں لاہور کے تمام تھانوں میں تعینات پولیس اسٹیشن اسسٹنٹس کے ساتھ میٹنگ کے دوران کیا ۔
میٹنگ میں فرنٹ ڈیسک پر کام کرنے والے سٹاف نے سروس میں بہتر ی کیلئے تجاویزپیش کیں جن کو سننے کے بعد ایس ایس پی ایڈمن لاہوررانا ایاز سلیم نے موقع پر ہی متعدد احکامات جاری کئے ۔ رانا ایاز سلیم نے مزیدکہا کہ پریشانی میں تھانے آنے والے کسی بھی شخص کی پوری بات تسلی سے سن لی جائے تو اس کی آدھی پریشانی ایسے ہی دور ہوجاتی ہے جبکہ باقی پریشانی آپ کی توجہ اورمسئلے کے فوری حل کیلئے کئے گئے اقدامات دور کردیتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -