صوبائی دارالحکومت ، لاکھوں کی ڈکیتی ، راہزنی اور چوری کی وارداتیں، مزاحمت ہر ایک شہری زخمی

صوبائی دارالحکومت ، لاکھوں کی ڈکیتی ، راہزنی اور چوری کی وارداتیں، مزاحمت ...

  



لاہور(خبرنگار)صوبائی دارالحکومت میں ڈکیتی و راہزنی کی درجنوں وارداتوں کے دوران ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات ،نقدی ،موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ مزاحمت پر ایک شہری سمیت 2 ڈاکو شدید زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس بی کے علاقے فیز فائیو میں ڈاکوؤں نے شہروز سے نقدی اور موبائل فون چھین کر مزاحمت کرنے پر پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کر دیا ۔ ریس کورس کے علاقے علامہ اقبال روڈ پر دو ڈاکو ایک کار سوار فیملی سے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کرنے لگے ایک ڈاکو نے خاتون کا پرس چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی تو کار سوار نے ڈاکوؤں کا پیچھا کرتے ہوئے دونوں ڈاکوؤں کے پاؤں گاڑی تلے روند ڈالے جس کے باعث دونوں ڈاکوؤں کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ ڈاکوؤں کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ ہربنس پورہ کے علاقے میں ڈاکوؤں نے شرافت کے گھر میں داخل ہو کر اسلحہ کے ذور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 10لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات،نقدی اور دیگر قیمتی سامان جبکہ غازی آباد شرافت کے گھر میں داخل ہو کر 8لاکھ روپے لوٹ لئے۔ گلبرگ کے علاقے میں ڈاکوؤں نے شہزاد کے گھر میں داخل ہو کر 7لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سامان لوٹ لیا ، نشتر کالونی کے علاقے میں فیاض کے گھر میں داخل ہو کر 6لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سامان لوٹ لیا ، جوہر ٹاؤن کے علاقے میں جواد کے گھر سے 5لاکھ روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا ، ہنجر وال کے علاقے میں ماجد کے گھر سے 4لاکھ روپے مالیت کا سامان ، ملت پارک کے علاقے میں مجاہد کے گھر سے 5لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سامان ، سبزہ زار کے علاقے میں ڈاکوؤں نے فرخ اور فیملی سے ساڑھے تین لاکھ مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی ، گوالمنڈی کے علاقے میں مہر شبیر کی فیملی سے اڑھائی لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی۔ شاہدرہ میں فضل الحق اور اس کی فیملی سے ڈیڑھ لاکھ مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی۔سندر کے علاقے میں نواز اور فیملی سے دو لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی ، گجر پورہ میں مس عائشہ سے ایک لاکھ مالیت کے زیورات اور نقدی ، فیصل ٹاؤن میں راحت خان اور فیملی سے دو لاکھ مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چھین لی۔ اقبال ٹاؤن میں کاشف سے تیس ہزار اور موبائل فون ، سمن آباد میں منظور سے بیس ہزار اور موبائل فون، غالب مارکیٹ میں شہزار سے بیس ہزار اور موبائل فون ، سول لائن میں جاوید سے نقدی اور موبائل فون ، اچھرہ میں غالب علی سے دس ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا ، کاہنہ ، لیاقت آباد، مانگامنڈی اور شاہدرہ ٹاؤن سے کاریں جبکہ اکبری گیٹ ، نولکھا ، مستی گیٹ ، شیراکوٹ ، گلشن اقبال ، ریس کورس، وحدت کالونی ، مناواں ، برکی ،ہربنس پورہ اور سٹی رائیونڈ کے علاقوں سے موٹرسائیکلیں چوری کر لی گئیں ۔

مزید : علاقائی


loading...