پرائم منسٹر ہیلتھ پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے، سائرہ افضل تارڑ

پرائم منسٹر ہیلتھ پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے، سائرہ ...

  



اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے پرائم منسٹر ہیلتھ پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے اور ملک کے ہر ضلع میں جلد ہی اس پروگرام کے تحت اندراج ہونے والے تمام خاندانوں کو یہ سہولت ہو گی ۔ صحت کے شعبہ میں بہتری اور تمام شہریوں کو بہتر علاج و معالجہ کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ موجودہ حکومت نے اس ضمن میں کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں جن میں وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت مستحق افراد کو مفت علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ سرفہرست ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم ہیلتھ انفراسٹرکچر پروگرام کے تحت ملک بھر میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ آبادی میں بے پناہ اضافہ اور موجودہ ہسپتالوں میں گنجائش نہ ہونے اور ان ہسپتالوں پر مریضوں کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے پرائیویٹ اداروں کو بھی آگے آنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال بھارہ کہو میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت چند ایک بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر موجود ہیں جو ملک کی ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔ اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال نے پہلی مرتبہ بون میروٹرانسپلانٹ سنٹر کھول کر بہت بڑا انقلابی کام کیا ہے اس سنٹر کے کھلنے سے اسلام آباد سمیت مری ، آزاد کشمیر اور گرد و نواح کے علاقوں کو بون میرو ٹرانسپلانٹ کی سہولت گھر کی دہلیز پر میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت اکبر نیازی ہسپتال کی اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اس وقت میڈیکل کی تعلیم کی فراہمی کے لیے نجی شعبہ میں مشروم گروتھ ہو رہی ہے اس کو روکنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہماری اولین ترجیح معیاری تعلیم کی فراہمی ہونی چاہےئے، چاہے وہ میڈیکل کی تعلیم ہو یا کسی اور شعبہ میں۔ اس وقت پاکستان کے بہترین ڈاکٹرز دنیا کے مختلف ملکوں میں خدمات انجام رے رہے ہیں جو ہمارے لیے فخر کی بات ہے لیکن اگر یہاں ادارے ہوں تو ان ماہرین کی خدمات اسی ملک میں میسر آ سکتی ہیں ۔ تقریب سے اٹلی کے سفیر، پاکستان بیت المال کے ایم ڈی وحید شیخ، اکبر نیازی ہسپتال کے چےئر مین غلام اکبر نیازی و دیگر نے خطاب کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر صحت نے پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کے پینل پر موجود اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا ، مریضوں کی عیادت کی، اور انہیں میسرسہولیات کے بارے میں طبی عملے سے استفسار کیا۔

سائرہ افضل تارڑ

مزید : علاقائی


loading...