لاہور لیڈز یونیورسٹی کا اجلاس، 820 ملین بجٹ کی منظوری

لاہور لیڈز یونیورسٹی کا اجلاس، 820 ملین بجٹ کی منظوری

  



لاہور (پ ر)لاہور لیڈز یونیورسٹی کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کامالی سال 2017-18 کیلئے بجٹ اجلاس ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پرو وائس چانسلر لیڈز یونیورسٹی ڈاکٹر عبدالمجید چیمہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں رواں مالی سال 2017-18کے لئے 820 ملین بجٹ کی منظوری دی گئی۔ بجٹ کو مختلف مد ات میں تقسیم کیا گیاہے۔ جس میں غریب اور مستحق طلبا وطالبات کے سکالرشپ کی مد میں 136 ملین رکھا گیا ہے ۔ ڈویلپمنٹ(لائبریری،کمپیوٹر لیب و دیگر شعبہ جات) کیلئے 75 ملین، کھیل کود اور غیر نصابی سرگرمیوں کیلئے 10 ملین جبکہ سکیورٹی کی مد میں 5 ملین کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ فنانس اینڈپلاننگ کمیٹی کے اجلاس میں مالی سال 2016-17 کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی جس کی منظوری دے دی گئی۔

ڈائریکٹر فنانس ٖفیض الباری کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹرفنانس محمد عمران نے اجلاس کو بجٹ کی تفصیلات کے بارے میں بریفنگ دی ۔اجلاس کے آخر میں صدر یونیورسٹی میاں ظہور احمد وٹو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امسال طلبا و طالبات کو ہر ممکن تعلیمی سہولیات دی جائیں گی۔ لائبریری میں کتب کا اضافہ اور کمپیوٹر لیب کو مزید اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ ریسرچ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ کوالٹی ایجوکیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ قومی و بین الاقومی کانفرنسز کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور فیکلٹی ٹریننگ ورکشاپ کے سیشنز کیلئے بہترین ماہرین کی ٹیم مدعو کریں گے۔ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے اجلاس میں ڈینز آف فیکلٹیز،رجسٹرار نورالامین ہوتیانہ ،ایڈوئزر پروفیسر اشہد احمد،ممبر قومی اسمبلی میاں معین وٹو،اشتیاق احمد ( ڈپٹی سیکریٹر ی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب)و دیگر نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4