ہیپاٹائٹس پرقابوپانے کے لئے کثیرالجہتی حکمت عملی اپنائی ہے،علی جان

ہیپاٹائٹس پرقابوپانے کے لئے کثیرالجہتی حکمت عملی اپنائی ہے،علی جان

  



لاہور(جنرل رپورٹر)سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ صحت نے ہیپاٹائٹس پرقابوپانے کے لئے کثیرالجہتی حکمت عملی اپنائی ہے اور بیماری کی روک تھام کے اقدامات کے ساتھ ساتھ مریضوں کے مفت علاج کے لئے بھی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ علی جان خان نے مزید کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کی روک تھام کے لئے ہسپتالوں میں ایک مرتبہ استعمال کے بعد ضائع ہونے والی آٹوڈسٹریکٹو سرنجیں متعارف کروا دی گئی ہیں۔

اور حجاموں و بیوٹی سیلون کے لئے بھی ریگولیشنز کا نفاذ کیا جارہا ہے۔سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے مزید بتایا کہ صوبے کے 25ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کی روک تھام اور علاج کے لئے فلٹر کلینکس قائم کئے جارہے ہیں۔ مزید برآں 100تحصیل ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو ادویات اور علاج کی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ رواں سال محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے ہیپاٹائٹس کے ایک لاکھ مریضوں کے مفت علاج کا ہدف مقرر کیا ہے۔ علی جان خان نے کہا کہ گزشتہ دنوں صوبے میں ہیلتھ ویک منانے اور مربوط بلڈسکریننگ کمیپس منعقد کرنے کا بنیادی مقصد بھی عوام میں بیماریوں کے خلاف شعور اجاگر کرنا اور امراض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔

علی جان

مزید : میٹروپولیٹن 1