ورجینیا اور نیو جرسی میں ڈیمو کریٹک گورنر منتخب،حکومتی پارٹی کو شکست

ورجینیا اور نیو جرسی میں ڈیمو کریٹک گورنر منتخب،حکومتی پارٹی کو شکست

  



واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) دو امریکی ریاستوں ورجینیا اور نیو جرسی کے منگل کے روز ہونے والے ریاستی انتخابات میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے گورنر منتخب ہوگئے ہیں اور دیگر اہم عہدوں پر بھی اسے کامیابی ملی ہے۔ مبصرین کے مطابق گزشتہ صدارتی انتخابات میں ہارنے والی ڈیمو کریٹک پارٹی کو ان نتائج سے نیا حوصلہ ملا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ اگر یہ عوامی رجحان کا آئندہ دار ہیں تو اگلے برس ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ممکن ہے وہ ری پبلکن پارٹی کے مقابلے پر ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں اکثریت حاصل کرے، نیو جرسی میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار اور وال سٹریٹ کے سابق بنکر فلپ مرفی ری پبلکن پارٹی کے کم گوا ڈگنو کو شکست دے کر گورنر منتخب ہوگئے ہیں جو اس وقت ریاست کے لیفٹیننٹ گورنر ہیں، یہ نشست ری پبلکن پارٹی کے موجودہ گورنر اور سابق صدارتی امیدوار کرس کرسٹی دو مرتبہ اس عہدے پر رہنے کے بعد فروری میں خالی کریں گے کیونکہ وہ تیسری مرتبہ اس عہدے کے امیدوار نہیں بن سکتے، صدارتی نظام ہونے کے سبب امریکی ریاستوں میں اعلیٰ ترین انتظامی عہدہ گورنر کا ہوتا ہے۔ ورجینیا میں ریاستی عہدیداروں کے علاوہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہوئے ہیں جہاں عام ریاستی عہدے ڈیمو کریٹک پارٹی نے حاصل کئے ہیں اور ’’ایوان مندوبین‘‘ کہلانے والی ریاستی اسمبلی میں بھی اکثریت حاصل کرلی ہے۔ موجودہ گورنر ٹیری میکولف کا تعلق بھی ڈیمو کریٹک پارٹی سے ہے اور تازہ انتخابات میں بھی اس پارٹی کا امیدوار رالف نارتھم ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ایڈ گیلسپی کو شکست دے کر کامیاب ہوا ہے۔ رالف نارتھم کو 53.7 فیصد اور ایڈ گیلسپی کو 45.1 فیصد ووٹ ملے ہیں، ڈیمو کریٹک پارٹی کے جسٹن فیرفکیس 52.7 فیصد ووٹ حاصل کرکے لیفٹیننٹ گورنر منتخب ہوگئے ہیں جبکہ ان کے ری پبلکن حریف جل ووگل کو 47.3 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ تیسر اہم عہدے پر بھی ڈیمو کریٹک پارٹی کے مارک ہیرنگ اٹارنی جنرل منتخب ہوئے ہیں جنہیں 53.3 فیصد ووٹ ملے ہیں جبکہ ری پبلکن کے امیدوار جان آدمز کو 46.7 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ ورجینیا کے انتخابات کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ریاستی اسمبلی کے رکن کے طور پر ڈیمو کریٹک پارٹی کے ڈانیکا روئم منتخب ہوئی ہیں جس کا تعلق تیسری جنس ہے، ایک تاریخ مرتب کرنے والی ڈانیکا نے دو عشروں سے یہ نشست سنبھالنے والے رابرٹ مارشل کو شکست دی ہے۔ ڈانیکا جرنلزم میں تعلیم یافتہ ہے اور ایک اخباری رپورٹر کے طور پر کام کرچکی ہے اور ایک میوزک گروپ کے ساتھ بطور سنگر بھی منسلک رہی ہے۔

گورنرورجینیا

مزید : صفحہ آخر