اوور بلنگ کی روک تھا م لیسکو صارفین کو میٹر ریڈنگ کا ایس ایم ایس بھیجنے کا فیصلہ

اوور بلنگ کی روک تھا م لیسکو صارفین کو میٹر ریڈنگ کا ایس ایم ایس بھیجنے کا ...

  



لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی کا کہنا ہے کہ لیسکو اپنے صارفین کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اس ضمن میں صارفین کی سہولت اور آگاہی کے لئے موبائل فون پر بذریعہ ایس ایم ایس میٹر ریڈنگ سے متعلق معلومات بھیجے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی کی سربراہی میں لیسکو کے تمام سرکلز کی کارکردگی سے بابت جائزہ اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی نے بتایا کہ نومبر کے پہلے بیج سے تمام لیسکو صارفین کے موبائل نمبرز حاصل کئے جائیں گے تاکہ جس وقت میٹر ریڈر ریڈنگ حاصل کرے اسی وقت متعلقہ صارف کو بذریعہ ایس ایم ایس میٹر ریڈنگ کی تاریخ اور ریڈنگ سے متعلق معلومات بھیجی جا سکیں ۔لیسکو صارفین سے بھی التماس ہے کہ متعلقہ میٹر ریڈنگ سٹاف کو اپنا موبائل نمبر رجسٹر کروائیں تاکہ تمام رجسٹرڈ صارفین کو میٹر ریڈنگ اور بل سے متعلق معلومات بھیجی جا سکیں۔ چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی نے تمام افسران پر زور دیا ہے کہ اوور بلنگ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سرکل میں اوور بلنگ کی شکایات موصول ہوئیں تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ تمام ریونیو آفیسرز کو بھی ہدایات جاری کیں کہ بل پرنٹنگ سے قبل تمام بلوں کی 100%درست ریڈنگ اور بل پر موجود تصویر سے مطابقت کو یقینی بنائیں ۔اجلاس سے خطاب کے دوران چیف ایگزیکٹو لیسکو نے لائن لاسز میں کمی کے لئے بجلی چوری کی روک تھام کی مہم کو تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔ اس اجلاس میں ڈائریکٹر آپریشن محمد علی ڈوگر، جی ایم ٹیکنیکل چوہدری محمد انور ، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ خالد سعید ،چیف انجینئر ٹی اینڈ جی محمد ناصر ، چیف انجینئرامپلیمنٹیشن خالدمحمود ناصر اور تمام سرکلز کے ایس ایز ،ایکسئینز اور ایس ڈی اوز سمیت تمام آر اوز نے شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1