وفاقی کابینہ کا اجلاس ، سٹیٹ بینک کو زیڈ ٹی بی و ایچ بی ایف سی کے حصص حاصل کرنے کی منظوری

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، سٹیٹ بینک کو زیڈ ٹی بی و ایچ بی ایف سی کے حصص حاصل ...

  



اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ کے حصص حاصل کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ہوا۔ وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ کے حصص حاصل کرنے کی منظوری دی۔ اس انتظام سے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے حاصل کئے گئے قرضوں کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی کابینہ میں وفاق، تمام صوبائی حکومتوں اور ضلعی حکام کے مالی سال 2010-11 سے 2013-14ء کیلئے مشترکہ مالی سٹیٹمنٹس بھی منظوری کیلئے پیش کی گئیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر رتھ یفاؤ کے اعزاز میں 50 روپے مالیت کے 50 ہزار یادگاری سکے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے پی آئی اے سی ایل میں فریال جمعہ کو تبدیل کر کے حق نواز کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ممبر تعینات کرنے کی تجویز کی منظوری دی۔ اجلاس میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ میں ڈائریکٹر انڈسٹریل اینڈ کمرشل ریلیشن (ڈی آئی سی آر) تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے چیف رپورٹر نوائے وقت نواز رضا اور منیجنگ ڈائریکٹر جنگ سرمد علی کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پرائیویٹ ممبرز تعینات کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ اجلاس میں ایپلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو میں اکاؤنٹ ممبران کے طور پر ان لینڈ ریونیو سروس کے 4 افسران کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے محمد اعظم کو تین سال کی مدت کیلئے ڈائریکٹر جنرل ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیو ٹ آف پاکستان (ایچ آئی ڈی پی) تعینات کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں وزارت قومی ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمتوں سے متعلق پیش کی گئی تجاویز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی الجیریا کی حکومت اور حکومت پاکستان کے درمیان فنی اور پیشہ وارانہ تربیت کے شعبہ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ریئر ایڈمرل جمیل اختر ایچ آئی (ایم) کو تین سال کیلئے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ تعینات کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس

میں مسٹر نعیم وائی زمیندار کو سرمایہ کاری بورڈ کا چیئرمین تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس

اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کا دارومدار سمندری شعبے کی ترقی پر ہے، پاک بحریہ میری ٹائم مفادات ، گوادر بندرگاہ اور سی پیک کی سکیورٹی کیلئے پوری طرح تیار ہے، حکومت پاکستان بحریہ کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی، مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کو موثر اورمتوازن قوت بنایا جائے۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز نیول ہیڈکواٹر کادورہ کیا، انہوں نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ سمندری حدود کے تحفظ کیلئے ہر دم تیار ہے، اقتصادی ترقی کیلئے میری ٹائم شعبے کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہوں ۔

وزیراعظم

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کاروباری برادری کیلئے پرکشش مراعات اور تیزی سے ترقی کرتی معیشت سے استفادہ کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’واکس ویگن‘‘ بورڈ آف مینجمنٹ کے رکن ڈاکٹر جوزف بامرٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اوورسیز پروڈکشن کے سربراہ اینڈریاز سپرنڈلر، ایشیاء پیسفک کے سربراہ اولیور گلیزر، انٹرنیشنل پالیسی اور حکومتی تعلقات کے سربراہ کلاز بو سٹینڈورس اور سی کے ڈی کے سربراہ یوری کونوشن، سی ای او پریمیئر سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ سیّد ارشد اور سیکرٹری سرمایہ کاری بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے واکس ویگن کے پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری منصوبے شروع کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کمپنی کو ہر ممکنہ سہولت اور معاونت کا یقین دلایا۔ پاکستانی معیشت کے استحکام کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے گذشتہ چار برسوں میں اقتصادی بحالی ہوئی ہے اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس سے بین الاقوامی کاروباری برادری کیلئے سرمایہ کاری کیلئے بہت زیادہ مراعات اور تیزی سے ترقی کرتی معیشت سے استفادہ کرنے کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔وزیراعظم نے آٹو پالیسی (2016-21ء) کی مختلف خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ واکس ویگن کی ملک میں پیداوار سے بین الاقوامی معیارات کی حامل گاڑیوں کا اضافہ ہو گا۔ ڈاکٹر جوزف بامرٹ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں کامیاب کاروباری منصوبے کی امید ظاہر کی۔ دریں اثناء یوم اقبالؒ کے موقع پر اپنے پیغام وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے درس خودی کے اجتماعی طور پر احیاء کی ضرورت ہے ٗ خودی کی حفاظت سیاسی استحکام اور معاشی خود کفالت کے بغیر نہیں ہو سکتی، علامہ اقبال کی فکر سے اظہار یکجہتی کا تقاضا ہے کہ سب پاکستانی ایک مستحکم اور خود مختار پاکستان کیلئے یک زبان ہوں اور فساد و انتشار کی قوتوں کے خلاف متحد ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ہماری فکری روایت کا سب سے روشن حوالہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ایک ایسے جمہوری پاکستان کیلئے کوشاں ہے جس میں عوام کی بصیرت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اور ان کی رائے کا احترام کرتے ہوئے ان کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گزشتہ چاربرسوں سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت اس بات کیلئے کوشاں رہی ہے کہ پاکستان کو دورِ جدید کی ایک ایسی ترقی یافتہ ریاست بنایا جائے جو ایک طرف مسلم تہذیبی شناخت کی نگہبان ہو اور دوسری طرف عالمی اخلاقی اقدار کی علم بردار ہو جس میں بلاامتیاز مذہب و رنگ سب کو مساوی حقوق حاصل ہوں، اس کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں امن ہو اور سب کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم ہوں۔

شاہد خاقان عباسی

مزید : صفحہ اول