کرپشن پر بھاشن دینے والے ماضی کے حکمران پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں : شہبازشریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے غریب قوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور عوام کے ذہنوں میں ان کی لوٹ مار کی داستانیں ابھی بھی تازہ ہیں۔ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کے ذمہ دار یہی حکمران تھے، جنہوں نے ذاتی لالچ ، کرپشن اور حرص کے ذریعے منصوبوں میں جان بوجھ کر تاخیر کی اور ملک میں اندھیروں کا راج رہا۔ آج کرپشن پر بھاشن دینے سے قبل ماضی کے ان حکمرانوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا جبکہ ہم نے ایک ایک پائی عوام پر صرف کی ہے۔ ستم ظریقی ہے کہ کرپشن میں لتھڑے آج کرپشن کے خلاف بھاشن دے رہے ہیں۔ ماضی کے انہی حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن کی بنا پر ملک اندھیروں میں ڈوبا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کرنے والوں کا ایجنڈا ملک میں افراتفری پھیلانے کے سوا کچھ نہیں۔ دھرنا گروپ نے ذاتی مفادات کیلئے ملکی مفادات کو ہمیشہ نظرانداز کیا اور اقتدار کی ہوس میں غریب عوام کی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ ذاتی مفادات کو ترجیح دینے و الوں کو ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی سے کوئی سروکار نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ منفی سیاست کے علمبردار جان لیں کہ باشعور عوام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستانی قوم کو دشنام طرازی اور بہتان کی منفی سیاست کسی صورت گوارہ نہیں۔ ہمارے مخالفین اپنے صوبے میں مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے عوام میں سیاسی ساکھ کھو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا ہے اور شفافیت، رفتار اور معیار کے ذریعے قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچانے کی کوئی مثال موجو دنہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے اور قومی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔ وطن عزیز کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں اور ہمارا ہر قدم ملک کے روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے اور آئندہ بھی منفی سیاست کرنے و الو ں کی پرواہ کئے بغیر ترقی کا سفر تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا اور الزامات کی سیاست کرنے والوں کو آئندہ انتخابات میں شرمندگی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا اور عوام باشعور ہیں، ترقی کے عمل کو روکنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ، اراکین پنجاب اسمبلی رانا محمد تجمل حسین، ملک علی عباس کھوکھر اور ملک احمد کریم قسور لنگڑیال شامل تھے۔
شہباز شریف