سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے سے اصل حقائق قوم کے سامنے آچکے ‘ میاں مقصود

سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے سے اصل حقائق قوم کے سامنے آچکے ‘ میاں مقصود

  



ملتان (سٹی رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے سے اصل حقائق قوم کے سامنے آچکے ہیں۔سپریم کورٹ کایہ کہناکہ’’ نوازشریف نے پارلیمنٹ،عوام اور عدالت سے جھوٹ بولا اور بے وقوف بنایا‘‘ حکمرانوں کی اہلیت کا پول کھول دینے کے (بقیہ نمبر65صفحہ12پر )

لیے کافی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران خاندان عدالتوں اور معززججوں کے ساتھ محاذ آرائی کی بجائے احترام کارویہ اختیار کریں اورعدالتی فیصلوں کومتنازعہ بنانے کے بجائے انہیں خوشدلی سے تسلیم کیاجانا چاہئے۔اگر حکمران خود ہی عدالتی فیصلوں کامذاق بنائیں گے تو اس سے عوام میں منفی پیغام جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم کو کرپشن کے الزام میں سزاسنائی گئی ہے۔یہ ایک اچھا فیصلہ ہے جس کے مستقبل میں بہترنتائج نکلیں گے۔احتساب سب کا اور بلاامتیاز ہونا چاہئے۔مسلم لیگ(ن) کو اداروں کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسی اختیار نہیں کرنی چاہئے۔محض ایک شخص کی خاطر آئین میں تبدیلی کرنے سے آمریت کے دور کی یاد تازہ ہوگئی ہے۔جمہوری حکمران بھی ذاتی مفادات کی خاطرسابق ڈکٹیٹر مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔عدالتی فیصلوں پر تنقیداور ہٹ دھرمی کی بجائے انصاف پر مبنی فیصلوں کوقبول کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے۔سیاسی انتشار اور افراتفری سے ملک وقوم کو نقصان کے سواکچھ حاصل نہیں ہوگا۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے غیر جمہوری قوتوں کے لیے راہ ہموار کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔جماعت اسلامی عوامی قوت کے ساتھ ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنادے گی۔جمہوریت کی مضبوطی اور تسلسل کے لیے بروقت انتخابات کا انعقاد نہایت ضروری ہے۔مختلف حیلوں اوربہانوں سے انتخابات سے فرار حاصل کرنادرست نہیں اس سے ملک میں سیاسی بحران جنم لے گا۔انہوں نے مزیدکہاکہ کرپشن کو جڑوں سے اکھاڑپھینکنے تک ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ 2018کے انتخابات میں محب وطن،پڑھی لکھی اور ایماندار قیادت کو موقع فراہم کیا جائے۔ددوپارٹی سسٹم نے عوام کو مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن کے تحفے دیئے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر