پی ٹی آئی نے چترال کے عوام کیساتھ کیا گیا وعدہ پورا کر دیا:پرویز خٹک
چترال ( نمائندہ پاکستان ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بدھ کے روز چترال کے تاریخی جلسے میں اپرچترال کے ضلع کا اعلان کیا ۔ اور بونی کو ہیڈ کوراٹر قرار دیا ۔ اس اعلان کے بعد اپر چترال کے عوام کا 70سالہ مطالبہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں پورا ہوا ہے ۔ اور اپر چترال کے لوگوں نے اس اعلان پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ چترال پولوگراؤنڈ میں بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ تحریک انصاف نے چترال کے عوام کے ساتھ اپنا کیا ہوا وعدہ پورا کیا ۔ پہلے دروش کو ہم نے تحصیل کا درجہ دے کر نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ۔ اور اب اپر چترال کے ضلعے کا اعلان کرتا ہوں تاہم اس کی نوٹیفیکیشن چند دنوں کے اندر کی جائے گی ۔ وزیر اعلی نے نے کہا ۔ کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائد عمران خان کی قیادت میں چترال کے مسائل پر بھر پور توجہ دی ہے ۔ چائنا میں سی پیک کا منصوبہ منظور ہو چکا ہے ۔ چترال میں 1400میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے جاری ہیں جو ایف ڈبلیو او اور چائنیز انجینئرز کے ذریعے مکمل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا ، کہ ہم نے ریسکیو 1122کی منظوری دی ، جوڈیشل کمپلیکس تعمیر کرایا ۔ یونیورسٹی کی منظوری دی اور چترال کی تزئن و آرائش کیلئے 55کروڑ روپے دیے ۔ زلزلے اور سیلاب میں بھاری فنڈ متاثرین میں تقسیم کئے ۔ اور نوجوانوں کیلئے دروش چترال میں پلے گراؤنڈ تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ وزیر اعلی نے چترال میں ایک اور پلے گراؤنڈ اور پارک کی تعمیر کا اعلان کیا ۔ وزیر اعلی نے تحریک انصاف کے صدر عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ ملک اور چترال کے نوجوانوں کی آپ کے ساتھ جذباتی محبت چوروں اور ڈاکووں کے خلاف آپ کے جہاد کا نتیجہ ہے ۔ اللہ پاک نے آپ کو ہمت دی ہے ۔ آج ملک کو لوٹنے والے یہ سوال کر رہے ہیں ۔ کہ مجھے کیوں نکالا گیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کرپٹ لوگوں حکمرانوں نے تعلیم صحت ، پولیس اور تمام اداروں کو تباہ کیا ۔ وزیر اعلی نے کہا ۔ کہ اس ملک میں غریب عوام کے ساتھ جو ظلم اور جبر ہو چکا ہے ۔ وہ نقابل بیان ہے ۔ سکولوں ہسپتالوں میں عوام کو ئی سہولتیں دستیاب نہیں تھی ۔ ہم نے نہ صرف سہولتیں دیں ، اساتذہ کی ،عمارتوں کی کمی پوری کی ۔ بلکہ نصاب میں قرآن کو شامل کرکے بچوں کیلئے دین و قرآن سیکھنے کا راستہ ہموار کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ غریبوں کے بچے جب تعلیم میں امیروں کے بچوں کو پیچھے چھوڑ جائیں گے ۔ تو انقلاب آئے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ ہم نے غریبوں کے علاج کیلئے 14لاکھ صحت کارڈ تقسیم کئے ہیں جبکہ مزید 10لاکھ کارڈ تقسیم کریں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پولیس کو ہم نے سیاست سے آزاد کر دیا ہے اب یہ لوگ آپ کی خدمت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بلین ٹری سونامی منصوبہ ماحول کو درست کرنے کی طرف اہم قدم ہے ۔ اس پہلے ظالموں نے جنگلات بیچ کر کھایا ۔ جس کی وجہ سے گلیشئر اب تباہی کے دھانے پر ہیں ۔ ہم نے دوبارہ جنگلات سے صوبے کو آباد کرنے کی کوشش کی ہے ۔ اور ہمیں کامیابی ملی ہے ۔ پرویز خٹک نے کہا ۔ کہ دُنیا میں جتنی بھی تبدیلی آئی ۔ وہ نظام کی تبدیلی سے آئی ہے ۔ لیکن ہمارے ملک کے حکمرانوں نے اس ملک کے ساتھ بہت ظلم کیا ۔ جو سائیکل لے کر آئے وہ لینڈ کروزر لے کر چلے گئے ۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ۔ اس ملک میں چور اور ڈاکو حکومت کریں گے ۔ تو آپ کھبی خوشحال نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا ۔ کہ آیندہ الیکشن میں ڈاکو اور لٹیرے دوبارہ نجومی بن کر ووٹ کیلئے آپ کے پا س آئیں گے ۔ اس لئے آن کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔