آبادگاروں کے مسائل پر بلاول کے ٹوئٹ کا انتظا ر ہے،نصر ت سحر

آبادگاروں کے مسائل پر بلاول کے ٹوئٹ کا انتظا ر ہے،نصر ت سحر

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پنجاب کے کاشت کاروں کے مسائل پر تو فوراً ٹوئٹ کرتے ہیں ۔ ہم سندھ کے آباد گاروں کے مسائل پر بھی ان کے ٹوئٹ کا انتظار کر رہے ہیں ۔ وہ بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد دیگر ارکان کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملز نے جان بوجھ کر گنے کی کرشنگ شروع نہیں کی ہے ۔ گنے کے آباد گار شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ ہر سال جان بوجھ کر یہ مسئلہ پیدا کیا جاتا ہے ۔ سندھ میں زیادہ تر شوگر ملز آصف علی زرداری کی ہیں ۔ اس لیے یہاں آبادگاروں کی کوئی نہیں سنتا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کو ہٹانے کی اصل وجہ بھی یہی ہے کہ وہ شوگر ملز مالکان کے خلاف آبادگاروں کی شکایت پر کارروائی کرتے ۔ نصرت سحر عباسی نے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کا نام لیے بغیر کہا کہ امی جان نے آج بھی ہمارے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیا ہے اور آبادگاروں کے مسئلے پر قرار داد پیش نہیں کرنے دی ۔ امی جان قرار داد لانے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹماٹر تو سندھ اسمبلی میں لایا جا سکتا ہے لیکن گنا نہیں لایا جا سکتا ۔ کیا یہ حقیقی جمہوریت ہے یا کسی ڈکٹیٹر کا دو رہے ؟ ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے اتحاد یا انضمام کے امکانات سے متعلق سوال کے جواب میں نصرت سحر عباسی نے کہا کہ اگر دونوں جماعتیں ایک ساتھ ملتی ہیں تو یہ کراچی شہر کے مفاد میں ہو گا لیکن پاک سرزمین پارٹی کی قیادت نے ایم کیو ایم پاکستان پر جو الزام لگائے ، ان کا کیا بنے گا ۔ پاک سرزمین پارٹی والے کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان کے ابھی تک ایم کیو ایم لندن سے روابط ہیں ۔

مزید : کراچی صفحہ آخر


loading...