چڑیا گھر میں رہائش پذیر غیر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی ہوگی،جام شورو

چڑیا گھر میں رہائش پذیر غیر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی ہوگی،جام شورو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی کے چڑیا گھر میں رہائش پذیر غیر متعلقہ اور غیر قانونی افراد کے خلا ف کارروائی کی جائے گی ۔ ضلع وسطی کراچی میں 13 نومبر کو بلدیہ عظمی کراچی تجاوزات ہٹانے کی مہم شروع کر رہی ہے ۔ حکومت سندھ اس مہم میں بھرپور تعاون کرے گی ۔ انہوں نے یہ باتیں بدھ کو سندھ اسمبلی میں مختلف ارکان کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بیان دیتے ہوئے کہیں ۔ ایم کیو ایم کے رکن سید قمر عباس رضوی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ کراچی کے چڑیا گھر میں کوارٹرز صرف ملازمین کے لیے تعمیر کیے گئے تھے ۔ ان ملازمین کو وہاں سے بے دخل نہیں کیا جائے گا لیکن جن غیر متعلقہ افراد نے غیر قانونی طور پر کوارٹرز تعمیر کیے ہیں ، ان کے خلاف کارروائی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ چڑیا گھر کو جدید خطوط پر تعمیر کرے گی۔ سید قمر عباس رضوی کے ایک اور توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر بلدیات نے کہا کہ کراچی کے ضلع وسطی میں تین ہٹی سے لسبیلہ تک تجاوزات کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات کا احساس ہے ۔ بلدیہ عظمی کراچی 13 نومبر سے ضلع وسطی میں تجاوزات کے خلاف مہم شروع کر رہی ہے ۔ حکومت سندھ اس میں بھرپور تعاون کرے گی ۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن ڈاکٹر رفیق بانبھن کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر بلدیات نے کہاکہ رانی پور سے نواب شاہ تک مہران ہائی وے کی ناقص تعمیر کا جائزہ لینے کے لیے میں خود دورہ کروں گا ۔ اگر کوئی شکایات ملیں تو کارروائی بھی کروں گا ۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کے نندکمار کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہا کہ پولیو ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی کرنے والے اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کے اے ایس آئی شہید تبسم علی کے ورثاء کو معاوضہ اور پینشن وغیرہ کی ادائیگی جلد کر دی جائے گی ۔ ایم کیو ایم کے رکن کامران اختر کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ کراچی میں بے نظیر ٹراما سینٹر کی تکمیل آخری مراحل میں ہے ۔ اس ٹراما سینٹر میں وہ سہولتیں میسر ہیں ، جو پاکستان کے کسی اور اسپتال میں نہیں ہیں ۔ اگرچہ کراچی میں اسپتالوں کی صورت حال مثالی نہیں ہے لیکن کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں ایسی طبی سہولتیں موجود ہیں ، جو پورے ملک میں نہیں ہیں ۔ مشرق وسطی سے لوگ علاج کرانے کراچی آتے ہیں ۔ گورنر اور وزراء آغا خان اسپتال نہیں جاتے ، قومی ادارہ برائے امراض قلب جاتے ہیں ۔ بے نظیر ٹراما سینٹر میں باقی کام بھی جلد مکمل ہو جائے گا ۔ ایم کیو ایم کے اقلیتی رکن دیوان چند چاولہ کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر اقلیتی امور ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ سکھر کے تاریخی سادھ بیلا مندر کی عمارت میں پانی داخل ہو گیا ہے ، جس کی وجہ سے لوگوں کو بہت پریشانی ہو رہی ہے اور یہ تاریخی مندر خطرے میں ہے ۔ یہ عمارت اویکیو ٹرسٹ پراپرٹی کے کنٹرول میں ہے ، جو وفاقی ادارہ ہے ۔ اس ادارے نے خط لکھا ہے کہ اس کی اجازت کے بغیر یہاں کوئی کام نہیں کیا جا سکتا جبکہ یہ ادارہ خود بھی کام نہیں کر رہا ہے ۔