علامہ اقبال کی فکر اور تصور ہی پاکستان کی بنیاد ہے ، پروفیسر اعجاز فاروقی

علامہ اقبال کی فکر اور تصور ہی پاکستان کی بنیاد ہے ، پروفیسر اعجاز فاروقی

  



کراچی (پ ر) علامہ اقبال کا تصور اور فکر ہی پاکستان کی بنیاد ہے، کیونکہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق پر زور دیا اور اپنی شاعری اور فکر و فلسفہ سے مسلمانوں کو جگایا اور خاص طور پر نوجوانوں میں آگے بڑھنے کے رجحان کو فروغ دیا۔ یہ بات علامہ اقبال کے 140ویں یوم پیدائش کے سلسلے میں منعقدہ تقریری مقابلے اور سیمینار بعنوان ’’فکرِ اقبال اور آج کا پاکستان‘‘ سے سرسید گورنمنٹ گرلز کالج میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کی صدارت فہیم اسکولنگ سسٹم کی مینجنگ ڈائریکٹر مسز فہیم اقبال جعفری نے کی۔ قبل ازیں فورم کے چیئرمین نفیس احمد خان نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورم نوجوانوں اور طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے مثبت تقریبات کا انعقاد کرتی ہے۔ صحت و تعلیم کے ساتھ مثبت سرگرمیاں طلبا میں خود اعتمادی میں اضافہ کرتی ہیں۔ مسز فہیم اقبال جعفری نے کہا کہ نوجوانوں میں امید کی کرن پیدا کرنا آگے بڑھنا اور خودی کو بیدار کرنا ہی علامہ اقبال کا پیغام ہے۔ علامہ اقبال نے اپنے اشعار و افکار کے ذریعے نوجوانوں میں امنگ اور بلندی کا سبق دیا ہے۔ ان کا مقصد ہی قوم کو جگانا تھا جس کی بنیاد پر پاکستان آزاد ہوا۔ تقریب سے مہمان اعزازی خالد میر نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے انتہا صلاحیت ہے اچھے مواقع اور میرٹ میسر آجائے تو یہ ہی نوجوان پوری دنیا فتح کرلیں اپنے علم اور اپنی ذہانت و متانت سے۔ تقریب سے ڈاکٹر سائرہ بانو، فہیم برنی، مرزا انتخاب عالم اور وائس پرنسپل نے بھی خطاب کیا۔ منصفین کے فیصلے کے مطابق اول انعام NCR کالج کی ارج سحر ، دوئم ذوہا اور سوئم بی بی حانیہ جن کا تعلق سرسید گرلز کالج سے تھا۔ جبکہ مہمانِ خصوصی کی جانب سے تمام مقررین کو کیش ایوارڈ بھی دیا گیا۔تمام مہمانوں میں فورم کے چیئرمین نے شیلڈ پیش کی۔

مزید : کراچی صفحہ آخر


loading...