مظفرآباد، استقبال ربیع الاول ‘مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام آج صفائی مہم کاآغازہوگا

مظفرآباد، استقبال ربیع الاول ‘مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام آج صفائی مہم ...

  



مظفرآباد(بیورورپورٹ) استقبال ربیع الاول ‘مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام آج صفائی مہم کاآغازہوگا،مختلف تنظیمات ،مقامی میلادکمیٹیوں سمیت تاجربرادری اور سول سوسائٹی کے دیگر افراداجتماعی و انفرادی طورپر قبرستانوں کی صفائی کریں گے،دوسرے مرحلہ پر مساجد و مدارس کی صفائی اور پھر مقدس اوراق ، شہید ہوجانے والے قرآن پاک کے نسخہ جات جمع کرکے ’’بیت العزت ‘‘ میں جمع کئے جائیں گے۔مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضانے اس حوالہ سے کہاہے کہ مرکزی سیرت کمیٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس میں استقبال ماہِ میلادالنبیﷺ کے سلسلہ میں صفائی مہم کے انعقادکا فیصلہ کیاگیاتھااسی ضمن میں مظفرآباد اور گردونواح کے تمام علاقوں میں صفائی مہم کی جائے گی جس کا آغاز مرکزی سیرت کمیٹی کے کارکنان خود کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی سیرت کمیٹی کی جانب سے اس صفائی مہم کا مقصد عوام الناس میں اپنے گھروں کی طرح اپنے پورے ماحول بالخصوص قبرستانوں ،مساجد اور مدارس کو صاف ستھرارکھنے کا شعور اجاگر کرنا بھی ہے جو جشن میلادالنبیﷺ کا پیغام اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجود دور میں ’’سموگ‘‘ کی صورت میں جو آزمائش ہم پر مسلط ہے اس کی بہت ساری وجوہات میں سے ایک بڑی وجہ ہمارے ماحول کا آلودہ ہونا بھی ہے۔انہوں نے کہاکہ سموگ کا بہترین علاج یہ ہے کہ ہم اپنے گھر ،صحن اورقرب و جوار میں ماحول کو صاف ستھرارکھیں۔عتیق احمدرضا نے جملہ عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ذاتی حیثیت میں اپنے حصے کاکام کرتے ہوئے اپنے گردوپیش کی صفائی کے عمل میں حصہ لیں،یہ بھی فلاح انسانیت کی بہترین مثال ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ نبی ء رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صفائی ستھرائی کو ایمان کا جزو قراردے کر اس کی اہمیت کو واضح فرمادیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...