غم حسین ؑ حرمت انسانیت کی دلیل ہے،علامہ قمر زیدی

غم حسین ؑ حرمت انسانیت کی دلیل ہے،علامہ قمر زیدی

  



راولپنڈی(جنرل رپورٹر)قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام ‘انکے 72جانثاروں اور مخدراتِ عصمت و طہارت کی بے مثل قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے عالمگیر ایام اربعین حسینی کاآغازہوگیا۔مختلف مذہبی تنظیموں اور دینی اداروں کی جانب سے پروگرام منعقد ہوئے۔ماتمی سنگت سخی شاہ زمانؒ موتیاں والی سرکار کاظمی المشہدی کے زیر اہتمام محمودہ سیداں میں جلوس چہلم امام عالی مقام برآمد ہواجس کے اختتام پر امامبارگاہ میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا کہ غم حسین ؑ ہر غم سے افضل اور حرمتِ انسانیت کی دلیل ہے۔آج بھی اگر دنیا مصائب و آلام سے چھٹکارا چاہتی ہے تو اسے درِ حسین ؑ پر سر خم کرنا ہوگا۔انہوں نے تمام عزاداروں پر زوردیا کہ وہ ایام عزا ء کے اختتام تک قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے ضابطہ عزاداری پر کاربند رہتے ہوئے مظلوم کربلا کا پرسہ پیش کرکے بارگاہِ رسالت ؐ میں سرخرو ہوں۔مجلس عزا سے علامہ اظہر عباس حیدری، علامہ عطا حسین کاظمی اور دیگر ذاکرین نے بھی خطاب کیا۔راولپنڈی کینٹ میں جلوس چہلم شہدائے کربلا قصر ابوطالب ؑ مغل آباد سے برآمد ہوا جس میں ذوالجناح ‘علم اور دیگر تبرکات شامل تھے۔دورانِ جلوس آخری سٹاپ چوک پر عزاداروں نے زنجیر زنی کی۔اس موقع پر چوہدری مشتاق حسین نے شرکائے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ولایت علی ؑ کو عبادتوں کی روح اور دنیا و آخرت میں کامیابی کی کلید قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ حب اہلبیت ؑ کے بغیر عبادت بے معنی ہے ۔انہوں نے باورکرایا کہ حضرت امام حسین ؑ نے انسانیت اور اسلام کی بقاء کیلئے اپنے 72جانثاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیااور بعدِ شہادت حضرت سیدہ زینب ؑ و زین العابدین ؑ نے اسیرانِ کربلا کے ہمراہ حسینیت کو پوری دنیا میں اُجاگر کرنے کا بیڑہ اُٹھایا۔انہوں نے کہا کہ طاغوتی سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے اسوہِ سجاد ؑ بہترین اور مکمل نمونہ عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ سید الساجدین ؑ نے زندانوں کو عبادت خانوں میں بدل دیا۔بعدازاں علامہ محسن علی ہمدانی کی اقتداء میں نمازِمغربین ادا کی گئی۔جلوسِ عزا اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر واپس قصر ابوطالب ؑ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔انجمن کنیزان امام العصر والزمان ؑ کے زیراہتمام شعب ابی طالب میں مجلس اربعین حسینی سے خطیبہ ذوہا نے خطاب کیا ۔بعدازاں ماتمداری کی گئی۔ امامبارگاہ ناصر العزا میں سید ناصر عباس کربلائی کے زیراہتمام ایام اربعین حسینی کی مجلس سے علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے خطاب کیا۔ہیئت طلبائے اسلامیہ کے زیراہتمام علی ہال میں مجلس عزا ہوئی جس سے مفتی باسم عباس زاہری نے خطاب کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر