متحدہ قومی موومنٹ کے اہم اجلاس سے فاروق ستار غائب، کیا شادی سے پہلے ہی طلاق ہو جائے گی؟ ایم کیو ایم میں پڑنے والی پھوٹ شدت اختیار کر گئی

متحدہ قومی موومنٹ کے اہم اجلاس سے فاروق ستار غائب، کیا شادی سے پہلے ہی طلاق ...
متحدہ قومی موومنٹ کے اہم اجلاس سے فاروق ستار غائب، کیا شادی سے پہلے ہی طلاق ہو جائے گی؟ ایم کیو ایم میں پڑنے والی پھوٹ شدت اختیار کر گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فاروق ستار شامل نہیں ہوئے، کل تک جو چودویں کا چاند بنے ہوئے تھے آج وہ ’’عید کا چاند‘‘  بن گئے۔
متحدہ اور پی ایس پی کے درمیان بننے والا اتحاد انتشار کی نظر ہو گیا،  پاک سرزمین پارٹی سے سیاسی اتحاد پر ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں کے مؤقف میں تضاد پایا جاتا ہے اور اسی صورتحال کو حل کرنے کے لیے رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں پارٹی کے ناراض رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے گا لیکن اجلاس کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں ڈاکٹر فاروق ستار شامل ہی نہیں ہوئے  جس کے بعد رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت فاروق ستار کی بجائے کنور نوید کر یں گے،دوسری طرف تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ  ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کے اتحاد کا اعلان تو ہو گیا ہے لیکن یہ بیل منڈھے چڑھتی نظر نہیں آ رہی ،اس لئے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ’’ منگنی ‘‘ تو ہو گئی لیکن شادی کے آثار نظر نہیں آ رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم ایک سیاسی حقیقت ہے ،پارٹی کا نام اور نشان باقی رہے گا:خواجہ اظہار الحسن

نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق   ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں ڈاکٹر فاروق ستار کہیں نظر نہیں آئے اور وہ پر اسرار طور پر کہیں ’’غائب ‘‘ ہو گئے ہیں ،ان کے بارے میں کسی کو کوئی اطلاع نہیں کہ وہ کہاں اور کیوں گئے اور اہم ترین اجلاس  میں شامل کیوں نہیں ہوئے ؟۔دوسری طرف میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کا اجلاس میں شامل نہ ہونا اور کنور نوید کا اجلاس کی صدارت کرنا کوئی انہونی بات نہیں ،ایسا پہلے بھی کئی مرتبہ ہو چکا ہے جب فاروق ستار کے علاوہ کوئی دوسرا پارٹی لیڈر اجلاس کی صدارت کر رہا ہے ۔اس سے قبل  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم راہنما خواجہ اظہار الحسن نے بھی دو ٹوک موقف اختیار کیا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ ایک سیاسی پارٹی ہے، ایم کیو ایم کا نام اور نشان کسی صورت بھی تبدیل نہیں ہو گا، پاک سر زمین پارٹی سے صرف سیٹ ایڈجسمنٹ ہو سکتی ہے، دونوں پارٹیاں اپنی شکل میں موجود رہیں گی۔پاک سرزمین پارٹی سے اتحاد کے اعلان کے بعد ایم کیو ایم پاکستان میں پھوٹ پڑ چکی ہے اور ایم کیوایم پاکستان کے کئی رہنما پی ایس پی سے سیاسی اتحاد پر ناراض ہیں جن میں عامر خان، کشور زہرہ، کنور نوید جمیل، شبیر قائم خانی، شاہد پاشا امین الحق اور دیگر شامل ہیں۔ گزشتہ روز کے اجلاس میں شبیر قائم خانی ناراض ہوکر باہر چلے گئے تھے جب کہ بیرون ملک موجود علی رضا عابدی نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے ایم کیوایم پاکستان کو خیرباد کہہ دیا اور قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا بھی اعلان کیا تھا ۔