پی ٹی آئی تبدیلی ‘ انصاف کے نام پر اقتدار میں آئی ہے ‘ ظہور دھریجہ

پی ٹی آئی تبدیلی ‘ انصاف کے نام پر اقتدار میں آئی ہے ‘ ظہور دھریجہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان(سٹی رپورٹر)سرائیکستان یوتھ پارلیمنٹ کے چیئرمین ملک اکرام ڈیوالہ کی طرف سے سرائیکستان قومی کونسل کے صدر ظہور دھریجہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب میں سرائیکی وسیب پارٹی کے صدر ملک خضر حیات ڈیال ، ایس کیو ایم کے جنرل سیکرٹری سیف اللہ بیقرار، آل سرائیکی اتحاد کے چیئرمین خالد حمید خان بلوچ، متحدہ صوبہ موومنٹ کے ملک گلزار اُتراو دیگر نے(بقیہ نمبر36صفحہ12پر )

شرکت کی۔ اس موقع پر زبیر دھریجہ ، وسیم ایاز کھوکھر ، گل شیر خان ، فرہاد خان، رفیق ملانہ ، رجب ملانہ ، عبدالستار کھیارہ ، فرید کھر و دیگر نے شرکت کی ۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ظہور دھریجہ نے کہا کہ تحریک انصاف تبدیلی اور انصاف کے نام پر برسر اقتدار آئی ہے ۔ سرائیکی وسیب کے کروڑوں عوام سے سو دن کے اندر صوبہ بنانے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ وہ سو دن تیزی کے ساتھ پورے ہو رہے ہیں ۔ ابھی صرف چند دن باقی ہیں ۔ عمران خان کی حکومت کو بشمول ٹانک ، ڈی آئی خان ، میانوالی ، بھکر و جھنگ وغیرہ صوبے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں ۔ صوبے کیلئے سرائیکی وسیب کا مقدمہ وہی ہے جو کہ قائد اعظم نے ہندوستان کی سپریم کورٹ میں لڑا تھا اور سندھ کو بمبئے میں شامل کرنے پر انگریز سامراج کے آمرانہ فیصلے پر دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ تاریخی ‘ جغرافیائی اور ثقافتی و لسانی اعتبار سے بمبئے سے الگ ہے اور سندھ کو بمبئے میں شامل کرتے وقت وہاں کے لوگوں کی مرضی یا رضا مندی کے خلاف غیر آئینی آرڈیننس جاری کیا گیا ۔ یہی مقدمہ سرائیکی وسیب کے لوگوں کا ہے کہ 2 جون 1818ء کو سرائیکی وسیب پر قبضہ کیا بعد ازاں 1849ء میں انگریز سامراج نے صوبہ ملتان کو پنجاب کا حصہ بنایا اور پھر 9 نومبر 1901ء کو وائسرائے ہند لارڈ کرزن نے صوبہ پشاور کو صوبہ سرحد کے نام سے بحال کیا تو سرائیکی وسیب کے اضلاع بھی ناجائز طور پر اس میں ڈال دیئے ۔ آج انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ تاریخی ‘ جغرافیائی و ثقافتی اعتبار سے اسی طرح صوبہ بنایا جائے جس طرح دوسرے صوبے ہیں ۔ ہمارا قدم قدم پر استحصال ہو رہا ہے۔ ہم اپنے وسیب کے کروڑوں افراد کو کہتے ہیں کہ آؤ آپ اور ہم ایک ہو جائیں اور وسیب اور صوبہ سرائیکستان حاصل کریں۔
ظہور دھریجہ