چشتیاں ، سموگ پالیسی کے تحت سپورٹر کا بھٹہ بند ہونے پر صوبائی وزیر بر ہم

چشتیاں ، سموگ پالیسی کے تحت سپورٹر کا بھٹہ بند ہونے پر صوبائی وزیر بر ہم

چشتیاں(نمائندہ پاکستان)تبدیلی کا نعرہ لگانے والے حکمرانوں نے ڈی پی او پاکپتن ،آئی جی اسلام آباد کو سیاسی بھینٹ چڑھانے کے بعد ضلع بہاولنگر میں انتہائی فرض شناس ڈسٹرکٹ انوائرنمنٹ آفیسر عمارہ شمشاد کوصوبائی وزیرعشرزکوٰۃ پنجاب میاں شوکت علی لالیکا کے سپورٹرز کا بھٹہ بند کرنے کی وجہ سے سیاسی طور پر بہاولنگر سے وہاڑی تبدیل کردیا گیا۔ٖڈسٹرکٹ انوائرنمنٹ آفیسر عمارہ شمشاد(بقیہ نمبر44صفحہ12پر )

نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے واضح احکامات کی روشنی میں صوبائی حکومت کی ہدایات پر ضلع بھر میں سموگ کی روک تھام کے لئے 185بھٹہ جات بند کرنے کے احکامات جاری کئے اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے مالکان کے خلاف کاروائی شروع کی۔جبکہ مختلف تھانہ جات میں19مقدمات درج کروائے گئے۔آدم شوگرملزسمیت رائس ملز ،بھٹہ خشت مافیہ اوردیگر ملزمالکان سمیت 115سے زائد ملز مالکان کو نوٹسز جاری کئے اور87دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سموگ کا سبب بنے والے بھٹہ کے مالکان اور ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی ملز کے مالکان کے خلاف کاروائی جاری رہے گی۔مزیدبرآں معلوم ہوا ہے کہ بہاولنگر سے رکن صوبائی اسمبلی وصوبائی وزیرعشرزکوۃ شوکت علی لالیکا کے حلقہ میں سپورٹر کا بھٹہ بند کرنے پرعمیرا شمشاد کا تبادلہ بہاولنگر سے وہاڑی کروادیا گیا۔بعدازاں تبادلہ کینسل کردیا گیا۔لیکن صوبائی وزیرہٹ دھرمی پر اتر آئے اور انہوں نے مبینہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکریٹری انوائرنمنٹ سے خصوصی طور پر دوبارہ تبادلہ وہاڑی کروایا اور اب ڈپٹی کمشنر بہاولنگر پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے کہ عمارہ شمشاد کو فوری طور پر چارج چھوڑنے پر عملدرآمد کروایا جائے۔چشتیاں کے شہریوں محمداکرم،عامر سہیل،محمدکاشف بھٹی،وقاص دولت، جنرل کونسلرقیصرریحان نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فرض شناس ڈسٹرکٹ انوائرنمنٹ آفیسر عمیرا شمشاد کاسیاسی بنیاد پر کیا گیا تبادلہ فوری طور پر منسوخ کرنے کے احکامات جاری فرمائے جائیں۔مزیدبرآں اس سلسلہ میں ضلعی افسران وصوبائی وزیرعشر زکوۃ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہیں ہوسکا۔اس سلسلہ میں وہ اپنا موقف دینا چاہیں توصفحات حاضر ہیں۔

صوبائی وزیر برہم

مزید : ملتان صفحہ آخر