بہت جلد ضلع کو پولیو فری بنایا جائیگا ،ضلع ناظم چارسدہ
چارسدہ(بیورو رپورٹ) ضلع ناظم فہد اعظم خان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی مسلسل کوششوں کے باعث بہت جلد ضلع کو پولیو فری بنایا جائے گا،پولیو کے حاتمہ کے لئے تمام تر وسائل بروکار لائے جا رہے ہیں۔پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے ویکسین پلا کر عمر بھر کے معذوری سے بچایا جائے کیونکہ بچے ہمارے کل کے بہتر مستقبل کے ضامن ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ میں پیر کے دن سے شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ، اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چارسدہ خان محمد ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نیک نواز،،ڈاکٹر نیئر جمال ،محمد سریر خان،ڈاکٹر فیروز شاہ،ڈاکٹر ماریا اور جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا محمد ہاشم خان سمیت منتخب بلدیاتی نمائندے بھی موجود رتھے۔ اس موقع پر ضلع ناظم سمیت دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمہ کے لئے تمام تر وسائل برو کار لا رہی ہے،بلدیاتی نمائندوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں عوام کو پولیو ویکسین کی افادیت سے آگاہ کرے اور پولیو کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کرے تاکہ ضلع کو پولیووائرس سے پاک کیا جائے ۔ پیر کے دن سے شروع ہونے والے پولیو مہم کے اعداد و شمار کے حوالے سے محکمہ صحت کے افسران کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے 265912بچوں کو پولیو سے بچاؤں کے قطرے پلائے جائینگے جس کے لئے مجموعی طور پر 998پولیو ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤں کے قطرے پلائینگے۔