دہشتگردی کے خاتمہ میں محسود قبائل کی قربانیاں شامل ہیں ،میجر جنرل عابد لطیف

دہشتگردی کے خاتمہ میں محسود قبائل کی قربانیاں شامل ہیں ،میجر جنرل عابد لطیف

  

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ) انسپکٹرجنرل فرنیٹرکورساؤتھ میجرجنرل عابدلطیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قر بانیاں محسود قبائل نے دی ہے اور ان کی قر بانیوں کے باعث آج جنوبی وزیرستان ملک بھر میں امن کی زندہ مثا ل ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ وادی بدرمیں نوجوانوں کی طرف سے منعقدہ پروقار تقریب کے موقع پر کیا۔ ان کو روایتی لنگی بھی پہنائی گئی ۔تقریب میں فوجی افسران کے ساتھ ساتھ علاقے کے مشران اور نوجوانوں نے بھی شرکت کی ۔ آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل عابد لطیف نے علاقہ بدر میں تقریب کے موقع پر محسود قبائل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے علاقے سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے عوام کو پر امن ماحول فراہم کیا ،جس سے علاقے کے لوگوں نے دوبارہ اپنے گھر بار، کاروبار آباد کئے اور آج عوام کی موجود گی علاقے میں پایہ دار امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فاٹا کی عوام میں سب سے زیادہ قر بانیاں محسود قبائل نے دی ہیں اور ان کی قر بانیوں کے باعث آج جنوبی وزیرستان ملک بھر میں امن کی زندہ مثا ل ہے ۔آئی جی ایف سے کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ترقیاتی کاموں پر تو جہ دی ہے اور پاک فوج کی بدولت جنوبی وزیرستان کا نقشہ تبدیل کردیا ہے۔مکانات کے سروے کا عمل جاری ہے اور پاک فوج کے افسران تباہ شدہ مکانات کے سروے میں تیزی لا رہے ہیں اور انشا اللہ جلد تمام علاقوں کا سروے مکمل ہو جائے گا ۔اور پاک فوج اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک ہر متاثرہ گھرانے کو انکے گھروں کا معاوضہ نہ ملے ۔آئی جی ایف سی ساؤتھ نے اس موقع پر ایمر جنسی سطح پراکتیس کلومیٹر سڑک کی پختگی کے ساتھ ساتھ صحت ،تعلیم ،آبنوشی ،کھیلوں کے میدان ،کاروباری مراکز ،مساجد کی تعمیر،ہائیڈل پاور پلانٹس سمیت بہت سے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں بارودی سرنگوں کی صفائی پر کام جا ری ہے اور لوگوں سے بھی اپیل ہے جہاں کہیں بھی بارودی مواد نظر آئے تو سیکورٹی فورسز کو آگاہ کریں تاکہ صفائی کرکے عوام کو جانی ومالی نقصان سے بچا یاجاسکے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے روابط کو بحال کرنے کیلئے مواصلات نظام کی بحالی کے بارے ہم نے اعلیٰ سطح کے افسران کو آ گاہ کر دیا ہے ہماری کوشش ہو گی کہ پورے وزیرستان میں موبائل نیٹ ورک شروع ہو جائے ۔انہوں نے مقامی سطح پر بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے جنوبی وزیرستان کی مختلف مقامات پر ہائیڈل پاور پلانٹ لگانے کا بھی اعلان کیا ۔آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف کے دورے پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے سے علاقے میں ترقی آئے گی کیونکہ کافی عرصے بعد کسی بڑے آفیسر نے علاقے کا دورہ کیا ہے ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -