پشاور ، حسن خیل کے عوام کا محکمہ معدنیا ت فاٹا کیخلاف احتجاج اوردھمکی
پشاور (سٹی رپورٹر)محکمہ معدنیات فاٹا کیخلاف حسن خیل سب ڈویژن پشاور کے عوام نے کوہاٹ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ ان محکموں کیخلاف عدالت سے بھی رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ حسن خیل سب ڈویژن پشاور کے عوام نے کہاکہ فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اورمحکمہ معدنیات قبائلی اضلاع کے افسران کی مبینہ بدعنوانیوں سے حسن خیل سب ڈویژن کے مختلف قبیلوں کے درمیان تصادم کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ محکمے کے بعض افسران اور کلریکل عملہ نے علاقے کے ملکان کی ملی بھگت سے غیر قانونی طورپر من پسند ٹھیکیداروں کو کول مائنز کے لیزمختص کئے ہیں جس سے علاقے میں خونی تصادم کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیٹیکل انتظامیہ نے محکمہ معدنیات کے حکام کو مراسلہ ارسال کئے ہیں جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ مذکورہ لیز فوری طورپر منسوخ کئے جائیں اور شفاف طریقے سے اور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ازسر نو نئے لیز کی تجدید اوراجراء کیا ہے جبکہ عوام کو اعتماد میں لئے بغیر کسی قسم کا لیز نہ دیا جائے لیکن مذکورہ محکمہ ان احکامات کو بھی نظر انداز کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ معدنیات نام نہاد ٹھیکیداروں کی پشت پناہی چھوڑ کر شفاف انداز میں لیز کا اجراء اور تجدید کرے، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان صوبائی وزیر معدنیات ، ڈی جی معدنیات ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری قبائلی اضلاع، سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر سمیت دیگر حکام اس سلسلے میں نوٹس لے بصورت دیگر عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا جائیگا اور کسی قسم کے نقصان کی ذمہ داری متعلقہ محکموں پر عائد ہوگی۔
Back to Conversion Tool