حکومت آسیہ کیس کے حوالے سے معاہدے پر عملدرآمد کرے،میاں ولید

حکومت آسیہ کیس کے حوالے سے معاہدے پر عملدرآمد کرے،میاں ولید

  

لاہور (نمائندہ خصوصی)تحریک لبیک یا رسول اللہ ،تحریک لبیک اسلام کے زیر اہتمام پریس کلب لاہور میں تحریک تحفظ ناموس رسالت کے سلسلہ میں اہم پریس کانفرنس کاانعقاد کیا گیا۔جس کی صدارت تحریک لبیک یا رسول اللہ کے مرکزی رہنما حضرت میاں ولید احمد شرقپوری نے کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ ،،تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا آسیہ کیس میں جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ معاہدے کے مطابق عاصیہ کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ رہائی کے فیصلہ میں بہت سے شرعی اور آئینی سقم موجود ہیں، معاہدے کے مطابق ججز کو علماء کیساتھ بٹھایا جائے اور ہمیں دلائل کا موقع دیاجائے۔حکومت ہمارے ساتھ کئے گئے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کرے۔ افسوس کہ چینلوں پر بیٹھے بعض اینکر مسئلہ کی حساسیت اور شرعی بصیرت کو پیشِ نظر رکھے بغیر فیصلہ پر غیر محتاط انداز میں تبصرے کرر ہے ہیں۔

فیصلہ نافذ کرنے سے پہلے حکمرانوں، ججز اور اداروں کو یہ سوچنا ہوگا کہ اس فیصلہ کا فریق ایک خاندان نہیں کروڑوں مسلمان ہیں۔ فیصلہ ایسے دلائل کی روشنی میں ہونا چاہیے جو امتِ مسلمہ کو مطمئن کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہﷺکا منشور ناموس مصطفی ﷺکی پاسبانی اور نظام مصطفی ﷺکی حکمرانی ہے۔ہم اپنے عظیم مقاصد کے لئے پرْ امن ، پرْ حمیّت اور مسلسل جدو جہد پر یقین رکھتے ہیں۔پاکستان کے خمیر اور مزاج میں عشق رسولﷺکی چاشنی موجود ہے لہٰذا یہاں کا بچہ بچہ ناموس رسالت کے لئے کٹ مرنے کو تیار ہے۔ہم قانون ناموس رسالت 295c کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ احتجاج کے دوران کچھ شرپسندوں نے ناموس رسالت کے مقدس مشن کو جلاؤ گھراؤ سے نقصان پہنچایا ایسے لوگوں سے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺکا کوئی دور کا تعلق بھی نہیں ہے۔قانون نافذکرنے والے ادارے ان لوگوں کی شناخت کر کے تحریک تحفظ ناموس رسالت کے خلاف ہونے والی سازش کا پردہ چاک کر یں۔انہوں نے کہا قومی ایشوز پر افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔افواج پاکستان پر بلا وجہ تنقید کرنے والے ملک دشمن عناصر کو خوش کر رہے ہیں۔پاک فوج ایمانی جذبہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر دنیا کی عظیم فوج ہے۔تحریک تحفظ ناموس رسالت کے اگلے مرحلے میں اسلام آباد میں ربیع الاول شریف میں لبیک یا رسول اللہﷺ سیمینار کریں گے۔جس میں ججز،وکلاء ،سکالز کے سامنے ،ناموس رسالت ﷺ اور اس کے تحفظ کے موضوع پر دلائل دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا تحفظ ناموس رسالت کا مطلب بے گناہ لوگوں کی املاک اور سرکاری املاک کو جلاناہر گز نہیں ہے لیکن چند شرپسند عناصر کی کاروائی کی آڑ میں تحفظ ناموس رسالت کے مقدس مشن اور 295c پر کسی کو تنقید کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ اندھا دھند گرفتاریوں میں علماء اور کارکنان کے گھروں کے دروازے توڑ کر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے اور املاک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ملک میں انتشار پھیلے گااس کی روک تھام کی جائے۔ کل بروز جمعہ پورے ملک میں یوم عشق رسول ﷺمنایا جائے گا جس میں شاعر مشرق کے پیغام عشق رسول ﷺکی روشنی میں اپنے مطالبات کو اجاگر کیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -