ماڈل منڈیاں قائم کرنے کیلئے بھرپور اقداما ت کر رہے ہیں،احسان بھٹہ
لاہور( نیوز رپورٹر) سپیشل سیکرٹری زراعت مارکیٹنگ پنجاب احسان بھٹہ کی زیر صدارت زراعت ہاؤس لاہور میں ماڈل منڈیوں کے قیام کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔اس موقع پر اسپشل سیکرٹری زراعت مارکیٹنگ نے کہا کہ محکمہ زراعت ماڈل منڈیوں کے قیام کیلئے اقدامات کر رہا ہے تاکہ صارفین کو معیاری اشیائے خوردونوش مہیا کی جا سکیں۔ماڈل منڈیوں کے قیام کے سلسلے کے پہلے مرحلہ میں25 منڈیوں کو ماڈل منڈیاں بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے اور اب مزید25 منڈیوں کو ماڈل منڈیاں بنایا جارہا ہے۔ ان ماڈل زرعی منڈیوں میں ہول سیل مارکیٹنگ میں نیلامی کے ریکارڈ کیلئے سخت نگرانی کا جامع نظام تشکیل دیا گیا ہے اور ہول سیل مارکیٹ کیلئے ایک جامع پلان بنایا گیا تاکہ زرعی منڈیوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے ۔
اسپشل سیکرٹری زراعت مارکیٹنگ احسان بھٹہ کو اس جائزہ اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ان زرعی منڈیوں و غلہ منڈیوں میں تجاوزات کے خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں فروٹ اینڈویجٹیبل مارکیٹ حافظ آباد،غلہ منڈی جھنگ،نیو فروٹ اینڈ ویجٹیبل مارکیٹ ملتان،غلہ منڈی رینالہ خورد،بصیرپور،اوکاڑہ،بہاولنگر،چنیوٹ سمیت دیگر زرعی منڈیوں میں30 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی ناجائز تجاوزات کا خاتمہ عمل میں لایا گیا ہے او ر ان ماڈل منڈیوں میں شیڈول مارکیٹ فیس،کمیشن کے مسائل اور روزانہ کے نرخنامہ جات آویزاں کئے جارہے ہیں۔مارکیٹ فیس کی وصولی بروقت کرنے کے اقدامات عمل میں لا کے اور کرپشن کا خاتمہ کرکے قومی آمدن میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس موقع پراحسان بھٹہ نے مانیٹرنگ کمیٹی کو مارکیٹ کمیٹیوں میں قائم پارکنگ سٹینڈ اور نرخنامہ کی نیلامی میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں اور موجود خلاء پر قابو بانے کی ہدایت بھی کی۔احسان بھٹہ نے مزید کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے اشیائے ضروریہ کی مارکیٹ منڈیوں میں دستیابی یقینی بنانے کیلئے ایک جامع پروگرام بھی تشکیل دے رہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ زرعی منڈیوں کی صفائی ستھرائی پر خاص توجہ دی جائے اور شہریوں کو گرد وغبار و تعفن سے پاک سبزیاں و پھل مہیا کئے جائیں۔احسان بھٹہ نے اس موقع پرڈائریکٹر(ای اینڈ ایم)کومارکیٹ کمیٹیوں میں کرپشن کی شکایات پر فوری کاروائی کرنے اور مارکیٹ کمیٹیوں کی بے قاعدگیاں دور کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔