نوجوان نسل ملک و ملت کے مستقبل کا ایک بیش قیمت سرمایہ ہے،ذکر اللہ مجاہد

نوجوان نسل ملک و ملت کے مستقبل کا ایک بیش قیمت سرمایہ ہے،ذکر اللہ مجاہد

لاہور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ نوجوان نسل ملک و ملت کے مستقبل کا ایک بیش قیمت سرمایہ ہے ، کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں نوجوان نسل ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں تحریک محنت جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اجلاس میں صوبائی صدر تحریک محنت شرقی پنجاب میاں طاہر ، مرکزی نائب صدر محمد یحیٰ برکی ، جاوید اقبال ، محمدا کرم جٹ ، طارق سعید قریشی و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس قوم کے نوجوانوں میں بگاڑ پیدا ہوجائے و ہ قوم تباہی کے راستہ پر چل پڑتی ہے ۔ نوجوانوں کی اخلاقی تربیت صرف والدین ، علماء یا اساتذہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ نوجوانوں میں بھی اس بات کا احساس پیدا ہونا ضروری ہے کہ وہ کس راہ پر گامزن ہیں اور اس کے کیا نتائج برآمد ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں مایوسی کی بڑی وجہ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود روز گار کی عدم فراہمی ہے جس کی وجہ سے نوجوان جرائم اور دیگر معاشرتی برائیوں کی میں ملوث ہوجاتے ہیں ۔ ہماری ملک و قوم کی بدقسمتی ہے کہ ہمارے سیاستدان اسمبلیوں میں بیٹھ کر اخلاقیات کا جنازہ نکال رہے ہیں جبکہ ملک و قوم کی قیادت ان صاحبان کے ہاتھوں میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی قوم اخلا ق سے محروم ہو جاتی ہے تو کوئی طاقت اسے ترقی سے ہمکنار نہیں کر سکتی ہے ۔ اور آپ سرکار ﷺ نے اولاد کی تربیت کے سنہرے اصول جو سکھائے ہیں ان پر عمل نہ کرنے کے سبب نوجوان نسل میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے

مزید : میٹروپولیٹن 1